نواز شریف کو دھوکہ دینے والے اپنے ہی نکلے

جمعہ کا شو فلاپ ترین تھا،نواز شریف کے خلاف اندر سے سازش ہو رہی ہے،لگتا ہے سب معاملات پہلے سے طے تھے،ن لیگ کے اجلاس میں نواز شریف کے قریبی ساتھی پھٹ پڑے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 15 جولائی 2018 11:34

نواز شریف کو دھوکہ دینے والے اپنے ہی نکلے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14جولائی 2018ء) ن لیگ کے اجلاس کی اندورنی کہانی سامنے آ گئی ،تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف احتساب عدالت سے سزا ہونے کے بعد جمعہ کے روزلندن سے پاکستان پہنچے۔نواز شریف لاہور ائیرپورٹ پر اترے۔اس روز مسلم لیگ ن کی ریلیاں بھی نکالی گئیں لیکن کوئی بھی ریلی لاہور ائیرپورٹ تک نہیں پہنچی۔جس کے بعد پارٹی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

اور ب ن لیگ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔قومی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق ن لیگ کے اجلاس میں نوازشریف کے قریبی ساتھی پھٹ پڑے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹارگٹ کیوں نہیں پورا ہوا ۔ جلوس کا مقصد نوازشریف کو لینے جانا تھا یا پھر الیکشن کمپین کیلئے کارکنوں کو متحرک کرنا تھا۔ اگر ایسا ہی کرنا تھا تو پھر اتنے جتن کیوں کئے گئے۔

(جاری ہے)

اس طرح نہ تو ہم الیکشن جیت سکتے ہیں اور نہ ہی کارکنوں کو متحرک کر سکتے ہیں۔

اب ہم سے کارکن سوال کر رہے ہیں کہ اگر ریلی کو دھرمپورہ میں ہی ختم کرنا تھا تو پھر ائیر پورٹ جانے کا اعلان کیوں کیا؟۔ اور کئی گھنٹوں تک مال روڈ پر ہی کیوں ریلی رہی۔ لگتا ہے نوازشریف کے خلاف کوئی اور نہیں بلکہ اندر سے ہی سازش کی جا رہی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے اجلاس میں سخت گرما گرمی ہوئی اور نوازشریف کے قریبی ساتھیوں نے اپنا غصہ نکالتے ہوئے کہا کہ کل کا شو فلاپ ترین تھا ،ہم باہر تو کہہ سکتے ہیں کہ یہ بڑا شو تھا مگر حقیقت کا اس سے کوئی تعلق نہیں لاہور سے پچاس پچاس ہزار کی لیڈ سے جن حلقوں سے الیکشن جیتے تھے وہاں سے پانچ پانچ سو کارکن بھی نہیں آ ئے اکثر لیڈر تو صرف کاروائی ڈالنے کیلئے اپنے چند لوگوں کے ساتھ آ ئے اور جو کچھ کارکن نکلے ہیں ان میں لیڈروں کا کوئی کمال نہیں وہ صرف نوازشریف کی محبت میں آ ئے ہیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک اہم لیگی رہنما نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ ہمیں تو لگتا ہے سب معاملات طے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں گرما گرمی کے بعد رائے دی گئی کہ نوازشریف کی رہائی کیلئے ایک اور بھرپور مظاہرہ ہونا چاہئے جس پر میٹنگ میں شامل اکثر افراد نے کہا کہ تمام لوگ الیکشن میں مصروف ہیں کسی جگہ سے بھی کوئی نہیں آ ئے گا اب ہمیں اس طرف جانے کی بجائے صرف اپنے الیکشن پر توجہ دینی چاہئے اور نوازشریف کے زیادہ سے زیادہ پوسٹرز اور بینرز لگانے چاہئیں اور شہباز شریف کو بھرپور الیکشن کمپین مختلف شہروں میں چلانی چاہئے ۔