ملک کے بیشتر علاقوں میںآج موسم شدید گرم اورمرطوب رہنے کا امکان ہے ، محکمہ موسمیات

اتوار 15 جولائی 2018 12:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) محکمہ موسمیات نے (آج) پیر کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اورمرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ تاہم راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، ہزارہ، پشاور،کوہاٹ، بنوں ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، مردان، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان، ژوب ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر تیزہواوں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔

اس دوران ہزارہ، پشاور، کوہاٹ ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر تیزہواوں اور گرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ اتوار کو محکمہ موسمیات کی جاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہا۔

(جاری ہے)

تاہم راولپنڈی، پشاور،کوہاٹ، ہزارہ ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش پنجاب:چکوال 62، اسلام آباد(زیرو پوائینٹ 32، بوکرہ 14، سید پور 03، گولڑہ 01)،کامرہ 31، راولپنڈی(شمس آباد22، چکلالہ18)،خیبرپختونخوا: پشاور 10، کوہاٹ 05 اور بالاکوٹ میں 03 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت: دالبندین، چلاس45، پٹن، دادو اورسبی میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔