رام مندر تعمیر نہ کرنے دیا گیا تو حج بھی نہیں کرنے دیا جائے گا: بی جے پی رہنما کی بھارتی مسلمانوں کو دھمکی

اتوار 15 جولائی 2018 13:10

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) ہندو انتہا پسند تنظیم بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رہنما نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے بھارتی مسلمانوں کو دھمکی دی ہے کہ اگر انہوںنے اترپردیش کے شہر ایودھیا میں بابری مسجد کے مقام پر رام مندر تعمیر کرنے میں روکاٹیں ڈالیں تو انہیں حج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اتر پردیش کے علاقے چرکھری سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی برج بھوشن راجپوت نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ مسلمانوں کو رام مندر کے معاملے میں ملک کے ایک ارب ہندئوں کے جذبات کا احترام کرنا چاہیے اور اگروہ ایسا نہیں کریں گے تو ہم بھی ان کے جذبات کا احترام نہیں کریں گے۔

راجپوت نے کہا کہ اگر مسلمانوں نے رام مندر کی تعمیرمیں رکاوٹ ڈالی یا اس کو روکنے کی کوشش کی تو انہیں بھی حج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

راجپوت نے مسلمانوں کی اقلیتی حیثیت اور حج پر سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ کیاہے۔ فیس بک پر ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے بعدراجپوت نے بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کو بتایا کہ یہ صرف ان کانہیں بلکہ ایک ارب ہندئوں کا بیان ہے ۔

انہوں نے کہا اگر مسلمان اس کو دھمکی سمجھتے ہیںتو سمجھیں میں ویڈیو میں جاری اپنے بیان پر قائم ہوں۔ دریں اثناء ایودھیا میں بابری مسجد اراضی تنازعے کے کیس میں اہم فریق نے نئی دہلی میں بھارتی سپریم کورٹ میں کہا کہ بابری مسجد کو ہندوطالبان نے اسی طرح تباہ کیاجس طرح افغانستان کے علاقے بامیان میں مہاتما بدھ کے مجسمے کو تباہ کیا گیا تھا۔ ایم صدیق جن کا انتقال ہوچکا ہے اور جو اس کیس کابنیادی فریق ہے کے قانونی وارثوں کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل راجیو دھون نے چیف جسٹس دیپک مشرا ، جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس ایس عبدالنذیر پر مشتمل بنچ کو بتایا کہ کوئی قانون یا آئین کسی مذہبی عمارت کو تباہ کرنے کی اجازت نہیںدیتا۔