امریکی صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت، 12 روسی فوجی اہلکاروں پر فرد جر م عائد

اہلکاروں پر ہیلری کلنٹن کی صدارتی مہم سے وابستہ رضا کاروں کے ای میل اکائونٹس کو ہیک اور مواد کو افشا کرنے کا الزام

اتوار 15 جولائی 2018 13:20

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جولائی2018ء) امریکی وفاقی جیوری نے 2016 کے صدارتی انتخابات کے دوران ڈیموکریٹ انتخابی کمپیوٹروں کو ہیک کرنے کی سازش میں 12 روسی فوجی اہلکاروں کیخلاف فرد جرم عائد کر دی ہے جس کی بنیاد روسی مداخلت سے متعلق خصوصی کونسل کی تفتیش میں سامنے آنے والے تازہ الزامات ہیں۔ہفتہ کو امریکی وفاقی جیوری کی جانب سے جاری کردہ 29صفحات پر مشتمل دستاویز میں الزام لگایا گیا کہ روسی کارندوں نے 2016 کے انتخابات میں 2طرح سے مداخلت کی جن میں ہیلری کلنٹن کی صدارتی انتخابی مہم سے وابستہ رضاکاروں اور ملازمین کے اِی میل اکاونٹس،جن میں چیئرمین بھی شامل ہیں،کو ہیک کرنا اور مواد کو عام پبلک میں افشا کرنا شامل تھا۔

روس کی مداخلت کے معاملے پر سینٹ پیٹرز برگ کے ایک فارم میں قائم انٹرنیٹ ریسرچ ایجنسی کے سماجی میڈیا پر اثر و رسوخ کا نمایاں فائدہ اٹھایا گیا۔

(جاری ہے)

فروری میںایک گرینڈ جیوری نے اس ادارے کے ملازمین اور مالیاتی پشت پناہی والی کمپنی کے 12 اہلکاروں پر فرد جرم عائد کی تھی۔اسپیشل کونسل، رابرٹ موئلر اور معاون اٹارنی جنرل راڈ روزنسٹائن نے تازہ الزامات عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ان پر الزام ہے کہ ہیلری کلنٹن کی صدارتی مہم سے وابستہ رضا کاروں کے ای میل اکائونٹس کو ہیک اور مواد کو افشا کر دیا ۔