ہارون بلور اور سراج ریئسانی کی شہادت بڑا سانحہ ، اکرم درانی کے قافلے پر حملہ افسوناک عمل ہے‘وزیر مواصلات

سیکیورٹی ادارے اپنا فعال کردار ادا کریں اور ایسی قوتوں کو بے نقاب کی جائے جو ملک دشمن اور ملکی و قومی سلامتی کو تباہ کرنا چاہتی ہیں‘چوہدری محمد عزیز

اتوار 15 جولائی 2018 14:20

ْ مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2018ء) آزاد کشمیر حکومت کے وزیر مواصلات چوہدری محمد عزیز نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے مستونگ میں انتخابی جلسے پر ہونے والے خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ہارون بلور اور سراج ریئسانی کی شہادت بڑا سانحہ ، اکرم درانی کے قافلے پر حملہ افسوناک عمل ہے ، سیکیورٹی ادارے اپنا فعال کردار ادا کریں اور ایسی قوتوں کو بے نقاب کی جائے جو ملک دشمن اور ملکی و قومی سلامتی کو تباہ کرنا چاہتی ہیں ، دہشتگردی کے واقعات انتہائی بزدلانہ کاروائیاں ہیں جو سیاسی ماحول اور انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی ایک منظم سازش ہے ملک دشمن قوتوں کیخلاف تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا پڑے گا اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے ہوئے انھیں شکست دینا ہو گی ، ان خیالات کا اظہار چوہدری محمد عزیز نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرامن سیاسی ماحول کو خراب کرنے والے ملک اور جمہوریت کے دشمن ہیں پاکستان میں انتخابی مہم کو خوفزدہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے سیکورٹی ادارے ملک دشمن عناصر کو بے نقاب کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں بصورت دیگر ملک کسی بڑے سانحہ کے شکار ہو سکتا ہے ، انہوں نے کہا کہ اکرم درانی کے قافلہ پر حملہ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ایسے بزدلانہ دشمن مملکت پاکستان کی بنیادوں کو کبھی کمزور کرنے میں کامیاب نہیں ہونگے ، ایسی قوتیں جو ملک میں افرا تفری اور بدامنی پھیلانا چاہتی ہیں وہ کسی صورت ملک و قوم کے وفادار ، محب وطن نہیں ہو سکتے ، ایسی قوتوں کو بے نقاب کرنے کا قوم اوروقت بھی تقاضا کررہے ہیں،ملک پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اس میں مذہب یا سیاست کے نام پر دہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں اسلام ہمیں امن و محبت کا درس دیتا ہے ۔

دہشتگردوں کااسلام یا مذہب سے کوئی تعلق نہیں وہ صرف مذہب و اسلام کا لبادہ اوڑھے ہوئے ہیں جن کو سامنے لانا ضروری نہیں لازمی ہو گیا ہے ۔چوہدری محمد عزیز نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے وطن واپس آ کرمحب وطن کے دعویداروں کے اعصاب کو معذور کر دیا ہے اور انھیں سمجھ نہیں آرہی کہ کون سا کام پہلے اور کون سا فیصلہ بعد میں کیا جائے ، ہمارے ملک کا آئین موجود ہے اس آئین کو استعمال کیا جائے نہ کہ اسے توڑ مروڑ کر اپنی ذاتی انا کی خاطراستعمال کیا جائے ، مملکت پاکستان کو اس وقت سنجیدہ اور پختہ سیاسی لیڈر شپ کی ضرورت ہے اور پاکستان میں جو نقشہ کھینچا جارہا ہے یہ جمہوریت اور ملک دونوں کی سلامتی کے لئے خطرے کا نشان ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بدقسمتی ہے جب بھی پاکستان ترقی کی راہ پر چلنے لگتا ہے تو پاکستان کے دشمن اس ترقی کی راہ میں رکائوٹیں حائل کردیتے ہیں اور ترقی کا پہیہ جام کر دیتے ہیں ،پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اپنی انتھک محنت و لگن سے پاکستان کو اندھیروں سے روشنی تک کا سفر طے کرایا اور لوڈشیڈنگ سے بند اور جام صنعتوں کو پاکستان کی ترقی کے لئے برق رفتار بنا یا ،اور جب دشمن عناصر سے پاکستان کی ترقی نہ دیکھی جا سکی تو میاں محمد نوازشریف کو جھوٹے اور بے بنیاد کیسز میں الجھا کر حالیہ عام انتخابات سے باہر رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے جوکہ قابل افسو س عمل ہے ۔

چوہدری محمد عزیز نے کہا کہ آزاد کشمیر میں تمام فنڈز عوام کی فلاح و بہبود کے لئے خرچ کیے جارہے عوام حکومت کا ساتھ دیں اور مسائل کی نشاندہی کریں ان کا حل حکومت اور نمائندے کریں گے ۔