نوابزادہ سراج رئیسانی کی شہادت کامقصد انتخابات کے عمل کوسبوتاژ کرناہے تین روز ہ سوگ کے اختتام پردوبار ہ انتخابی سرگرمیاں کا آغاز کرینگے، بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء سینیٹر نصیب اللہ بازئی کا’’اے پی پی ‘‘سے گفتگو

اتوار 15 جولائی 2018 14:40

کوئٹہ۔15جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء سینیٹر نصیب اللہ بازئی نے کہاہے کہ نوابزادہ سراج رئیسانی کی شہادت کامقصد انتخابات کے عمل کوسبوتاژ کرناہے تین روز ہ سوگ کے اختتام پردوبار ہ انتخابی سرگرمیاں جاری ر کھیں گے انتخابات اپنے وقت پر ہونگے ۔ان خیالات کااظہار انہوںاتوار کوساروان ہاؤس میں تعزیت کے بعد ’’اے پی پی ‘‘سے گفتگوکرتے ہوئے کیا سینیٹر نصیب اللہ بازئی نے کہاکہ دہشت گرد چاہتے ہیں کہ25 جولائی کے انتخابات کے عمل کوسبوتاژکیا جائے اس لئے انہوںنے شہیدنواب زادہ سراج خان رئیسانی کے انتخابی جلسے کو ٹارگٹ کیاتاکہ انتخابی عمل سبوتاژہو لیکن ہم انکی اس خواہش کو کبھی بھی پورا نہیں ہونے دینگے ۔

تین روزہ سو گ کے بعد باقاعدہ انتخابی سرگرمیوں کاآغازکریںگے انشاء اللہ 25 جوالائی کو بلوچستان عوامی پارٹی انتخابات میںبھرپورطورپر حصہ لے گی ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں نے ہمارے ایک باز و کوہم سے ہمیشہ کے لیے جداکیا۔

(جاری ہے)

نواب زادہ سراج خان ہمیں ہمیشہ یاد رہیںگے وہ ایک مخلص اوروطن دوست سیاسی شخصیت تھے اس لیے آج ہم چیئرمین سینٹ میرصادق سنجرانی کے ہمراہ انکے گھر گھر شہیدکے بیٹے اوراہل خانہ سے تعزیت کے لیے آئے ہیں نوابزادہ سراج رئیسانی کے واقعے سے پورابلوچستان سوگوار ہے اللہ تعالیٰ انکے اہل خانہ کوصبرجمیل عطاء اللہ فرمائے۔