جامعہ کشمیر اور حبیب بینک نے ہزاروں طلبہ کو فٹ بال بنا کر رکھ دیا

اتوار 15 جولائی 2018 15:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2018ء) جامعہ کشمیر اور حبیب بینک نے ہزاروں طلبہ کو فٹ بال بنا کر رکھ دیا ،وزیراعظم پاکستان فیس واپسی کے واجبات کے لیے طلبا و طالبات در بہ در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ،انتظامیہ کے رویوں سے تنگ طلبا و طالبات نے کل سے احتجاج کی دھمکی دے دی ،طلباء و طالبات کے ایک گروپ نے گزشتہ روز یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان فیس معافی پروگرام کے تحت طلبہ کی فیس واپس کی گئی جو کہ یونیورسٹی نے حبیب بنک کو منتقل بھی کر دی ہے ،جن طلبہ کے اکائونٹس حبیب بنک میں ہیں ان کو ادائیگی کر دی گئی ہے جب کہ دیگر بنک ہا کے اکائونٹس ہولڈرز کو طرح طرح کے اعتراضات لگا کر تنگ کیا جا رہا ہے ،یونیورسٹی انتظامیہ بنک اور بنک انتظامیہ یونیورسٹی کو مورد الزام ٹھہرا رہی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں طلبہ دو اداروں کے درمیان فٹ بال بنے ہوئے ہیں ،طلبہ نے کہا ہے کہ اگر آج تمام اکائونٹس ہولڈر طلبہ کے اکائونٹس میں رقم منتقل نہ ہوئی تو کل سے یونیورسٹی اور حبیب بنک کے خلاف وسیع پیمانے پر احتجاج شروع کیا جائے گا جو مطالبات حل ہونے تک جاری رہے گی ،اس سلسلے میں مرکزی ایوان صحافت کے باہر موثر احتجاج کے لیے مشاورت شروع کر دی گئی ہے ۔