سرینا ولیمز کا 24واں گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے کا خواب ادھورہ، اینجلیق کربر نے ومبلڈن اوپن ویمنز سنگل ٹائٹل اپنے نام کر لیا

اتوار 15 جولائی 2018 15:30

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) سٹار جرمن کھلاڑی اینجلیق کربر نے ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگل ٹائٹل اپنے نام کر لیا، انہوں نے فیصلہ کن معرکے میں ٹائٹل فیورٹ سرینا ولیمز کو شکست دے کر کیریئر کا تیسرا گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا، کربر 22 برس بعد ومبلڈن اوپن سنگل ٹائٹل جیتنے والی پہلی جرمن کھلاڑی بن گئیں، اس سے قبل 1996ء میں سٹیفی گراف نے ومبلڈن اوپن کا ٹائٹل جیتا تھا، کربر کو اس سے قبل آسٹریلین اوپن اور یو ایس اوپن ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن کے سلسلے میں کھیلے گئے ویمنز سنگل فائنل میں اینجلیق کربر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23 مرتبہ کی گرینڈ سلام چیمپئن اور امریکن سٹار سرینا ولیمز کو سٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-3 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

(جاری ہے)

کربر نے اپنے بیان میں کہا کہ ومبلڈن اوپن ٹائٹل جیتنا میرے لئے باعث فخر لمحہ ہے اور مجھے جو خوشی ہو رہی ہے اسے الفاظ میں بیاں نہیں کر سکتی، سرینا ولیمز تجربہ کار حریف تھیں، جانتی تھی کہ انہیں ہرانے کیلئے سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی اور خوش قسمتی سے میں پلان کے مطابق کھیلنے میں کامیاب رہی۔

سرینا ولیمز نے کہا کہ شکست پر مایوسی ہوئی لیکن مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ کم بیک کے بعد میں یہاں تک پہنچی اب اگلا ہدف یو ایس اوپن میں بھرپور شرکت کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :