پاکستان سے 819عازمینِ حج مدینہ منورہ پہنچ گئے، پہلی حج پرواز کا فقید المثال استقبال کیا گیا

اگلے دو دن میں مزید 2، 2 ہزار عازمینِ حج مدینہ منورہ پہنچیں گے، ترجمان وزارتِ مذہبی امور

اتوار 15 جولائی 2018 15:40

مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2018ء) پاکستان سے 819عازمینِ حج مدینہ منورہ پہنچ گئے۔۔ پہلی حج پرواز کا فقید المثال استقبال۔ اگلے دو دن میں مزید 2، 2 ہزار عازمینِ حج مدینہ منورہ پہنچیں گے۔دفتر امور حجاج مدینہ منورہ سے جاری بیان کے مطابق سکھر /کراچی سے آنیوالی پہلی حج پرواز گذشتہ صبح 4 بجے مدینہ منورہ ایئر پورٹ پہنچ گئی۔

ایئر پورٹ پر پاکستانی عازمین حج کے استقبال کیلئے ڈائریکٹر جنرل حج ساجد یوسفانی, پاکستانی ڈپٹی قونصل جنرل شائق بھٹو ، ڈپٹی ڈائریکٹر مدینہ منورہ فاروق رشید, سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن, سعودی عرب میں پی آئی اے کنٹری منیجر وقار نصیر, منیجر مدینہ منورہ محمد ناصر, سٹیشن منیجر مدینہ شیراز اسلم کچیلہ سعودی وزارت حج کے مندوبین, بسوں کے محکمے نقابہ سیارات کے مندوب موجود تھے۔

(جاری ہے)

سعودی امیگریشن, کسٹم حکام سے فراغت حاصل کرنے کے بعد ایئر پورٹ سے باہر آنے والے عازمینِ حج کو پھولوں کے ہار، گلدستے اور مختلف تحائف پیش کئے گئے۔بعد میں وزارت اور لوکل معاونین نے عازمین حج کو بسوں میں بٹھا کر ان کی رہائش گاہوں کی طرف روانہ کر دیا۔ عازمین حج مدینہ منورہ میں آٹھ روزہ قیام کے بعد مکہ مکرمہ روانہ کئے جائیں گے جہاں اپنے پہلے عمرے کی ادائیگی کے بعد حج تک قیام کریں گے۔

اسلام آباد سے جدہ پہنچنے والی ایک اور پرواز کو ڈائریکٹر جنرل حج سید امتیاز شاہ، قونصل جنرل پاکستان کے افسران اور دیگرنمائندوں کے ہمراہ خوش آمدید کہا۔ دوسری طرف پاکستان کے مختلف شہروں سے روانہ ہونے والی حج پروازوں کو نگران وفاقی وزیرمحمد یوسف شیخ ، ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور کیپٹن آفتاب اور دیگر افسران نے الوداع کیا۔ اس موقع پر عازمینِ کرام کو سعودی عرب کے دفتر امور حجاج پاکستان میں قائم مختلف سہولیات کے بارے میں بھی آگاہی دی گئی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں تعینات ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی کی معاونت کیلئے وزارت مذہبی امور کے ڈی جی نور سلم شاہ دیگر افسران و سٹاف, حج میڈیکل مشن اور معاونین الحجاج کے پہلے دستے مکہ مکرمہ, مدینہ منورہ اور جدہ میں اپنے فرائض منصبی سنبھال چکے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر مدینہ فاروق رشید نے پاکستانی اور لوکل معاونین حجاج کو حج آپریشن کے آغاز پر خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عازمین حج کو ہر ممکن رہنمائی اور مدد فراہم کی جائے۔

عازمین حج سے محبت, احترام اور شائستگی سے پیش آنا دفتر امور حجاج پاکستان کی شاندار روایت کا حصہ ہے۔ انہوں نے ایئرپورٹ سٹاف کو عازمین حج کی امیگریشن, کسٹم, ویلکم سنیکس, سامان کی ٹرالی نمبر کو نوٹ کرنے اور ہر بس میں عازمین حج کے سامان کی موجودگی کو یقینی بنانے کے حوالے سے تفصیلی ہدایات جاری کیں۔ اس سے قبل ڈی جی حج نے ایک ٹیم کے ہمراہ عازمین حج کی رہائش گاہوں،کیٹرنگ کمپنیوں اور مدینہ منورہ ایئر پورٹ پر موجود سہولیات کا حتمی جائزہ لیا۔