چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو کی تاجر وں کو ٹیکس ایمنسٹی سے استفادہ کی ہدایت

زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے فائلرز کوسہولیات دی جائیں،صدر آر سی سی آئی

اتوار 15 جولائی 2018 16:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو اور آر ٹی او راولپنڈی حامد عتیق سرور نے کہا ہے کہ تاجر حکومت کی اعلان کردہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھائیں، پاکستان کی معیشیت کی ترقی میں تاجربرادری کا کردار اہم ہے، محصولات کا اسی فی صد کاروباری برادری پورا کرتی ہے،ملکی معاشی ترقی میں بزنس کمیونٹی ، پروفیشنلز اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کی رائے اور تجاویز اہمیت کی حامل ہیں ۔

کارپوریٹ ٹیکس اور سپر ٹیکس بھی مرحلہ وار کم کیا جائے گا ۔ترجمان آر سی سی آئی نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفد کے ہمراہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر زاہد لطیف خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معشیت کو دستاویزی شکل دیئے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے ہم درست سمت میں جا رہے ہیں ایمنسٹی اسکیم کی توثیق خوش آئند ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فائلرز کے لیے سہولیات دی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اسکیم کے تحت ٹیکس نیٹ میں آسکیں ۔ پاکستان میں ٹیکس گوشوارے جمع کروانے والوں کی تعداد بہت کم ہے ایف بی آر ٹیکس کے نظام میں اصلاحات لائے، اور مراعات دے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں ۔اس موقع پر گروپ لیڈرز سہیل الطاف، ایس ایم نسیم، سینئر نائب صدر ناصر مرزا، نائب صدر خالد فاروق قاضی، قائمہ کمیٹی کے چیئر میں و وائس چیئر مین ، مجلس عاملہ کے اراکین اور انجمن تاجران کے نمائندے بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :