پاکستان کا دنیابھر کے مہاجرین بارے پہلے جامع معاہدے کے مسودہ کو تاریخی قرار دیتے ہوئے خیر مقدم

معاہدہ کے مسودہ میں مہاجرین اور پناہ گزینوں میں فرق کو واضح کیا گیا ہے ، مہاجرین کو دی جانے والی سہو لیات کے لئے واضح رہنما اصول د یئے گئے ہیں، ملیحہ لودھی

اتوار 15 جولائی 2018 16:50

نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) پاکستان نے دنیابھر کے مہاجرین بارے پہلے جامع معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا ہے ۔اس معاہدہ سے بین الاقوامی سطح پر مہاجرین کے مسئلہ کو بہتر طور پر حل کرنے ، درپیش چیلنجزپر قابو پانے ، مہاجرین کے حقوق کے تحفظ اور پائیدار ترقی میں کردار کے حوالہ سے بڑی مدد ملے گی ۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے مہاجرت کو باقاعدہ اور محفوظ اور منظم بنانے بار گلوبل کمپیکٹ معاہدہ کے مسودے کو حتمی شکل دیئے جانے کے بعد کہا ہے کہ کئی جہتی کامیابی تاریخی لمحہ ہے جبکہ اس معاہدہ کے سلسلہ میں اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک دو سال تک بحث اور مشاورت کرتے رہے ہیں ۔ جبکہ صرف امریکہ اس ضمن میںہونے والی بات چیت اور مذاکرات سے لاتعلق رہا اور اس نے کمپیکٹ مہاجرت کے معاہدہ کا فریق ببنے سے گریز کیا ۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اس معاہدہ میں مہاجرین اور پناہ گزینوں میں فرق کو واضح کیا گیا ہے اور ان کی حیٰثیت سے قطع نظر تمام مہاجرین کے حقوق کو برقرار رکھا گیا ہے اور مہاجرین کو دی جانے والی سہو لیات کے لئے واضح رہنما اصول د یئے گئے ہیں ۔ پاکستا ن کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے معاہدہ پر عمل درآمد کے سلسلہ میں متعلقہ ممالک کو فنڈز اورسازوسامان اور وسائل کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ یہ امرقابل ذکر ہے کہ مہاجرین کے بارے میں گلوبل کمپیکٹ معاہد ہ کی بین الحکومتی کانفرنس میں باضابطہ طور پر منظور ی دی جائے گی ۔ جو کہ مراکش کے شہر مراکیش میں 10 اور 11 دسمبر کو منعقد ہو گی۔