راولپنڈی کینٹ ، ناقص صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 40لاکھ روپے جرمانہ

سال 2018کے ابتدائی چھ ماہ میں کھانوں کے 3896 سیمپلز اکٹھے کیے گئے ،متعد د فوڈ آئوٹ لیٹس کو سر بمہر کیا گیا

اتوار 15 جولائی 2018 16:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے ناقص صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر چھ ماہ میں 40لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا ۔ترجمان راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ قیصر محمود نے اے پی پی کو بتایاکہ راولپنڈی کینٹ کی فوڈ برانچ نے سال 2018کے ابتدائی چھ ماہ میں کھانوں کے 3896 سیمپلز اکٹھے کیے جبکہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر متعد د فوڈ آئوٹ لیٹس کو سر بمہر کیا اور مجموعی طور پر 40لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا ۔

ترجمان نے انکشاف کیاکہ حاصل شدہ 3896 نمونوں میں سے 1236 غیر معیاری اور گھٹیا پائے گئے جس پر ان کے کیسز کینٹ بورڈ میجسٹریٹ کی عدالت کو بھجوا دیئے گئے ۔کینٹ میجسٹریٹ نے 825 کیسز کو نمٹاتے ہوئے 16لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ کیا جبکہ 387 کیسز تاحال التواء میں ہیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ فوڈ برانس نے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور ناقص صفائی پر 80فوڈ آئوٹ لیٹس کو انتباہی نوٹسز جاری کرتے ہوئے 219,000 روپے جرمانہ کیا ۔

انہوں نے بتایاکہ چیف فوڈ انسپکٹر وارث بھٹی نے دیگر انسپکٹرز اور عملے کے ہمراہ نے ناقص صفائی پر متعدد فوڈ آئوٹ لیٹس کو 20لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ کیا ۔قیصر محمود نے سرکاری خبر رساں ادارے کو ایک سوال کے جواب میں بتایاکہ کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی سبطین رضا کی ہدایت پر فوڈ برانچ کی خصوصی ٹیموں نے صدر ،پشاور روڈ ،قاسم مارکیٹ ،چوہڑ ،الہ آباد ،مصریال ،ٹنچ بھاٹہ ،پیپلز کالونی ،چونگی نمبر 22،بکرا منڈی اور دیگر علاقوں میں اچانک چھاپے مار کر فوڈ آئوٹ لیٹس پر کھانوں کا معیار اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔

اس موقع پر چھاپہ مار ٹیموں نے ناقص صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور وکرز کے میڈیکل سرٹیفیکیٹس کی عدم موجودگی پر جرمانے بھی کیے ۔ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ فوڈ برانچ نے گذشتہ ماہ کے دوران مختلف کارروائیوں میں 191,000 روپے جرمانہ کیا جبکہ 135فوڈ آئوٹ لیٹس کو انتباہی نوٹسز جاری کیے گئے اور 9فوڈ آئوٹ لیٹس کو سر بمہر کیا گیا ۔

اس موقع پر چھاپہ مار ٹیموں نے کھانوں کے 150سیمپلز اکٹھے کیے اور غیر معیاری کھانوں پر 100,000 روپے کے جرمانے کیے گئے ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ فوڈ برانچ کی ٹیمیں ہوٹلز اور ٹی سٹالز میں صفائی کے ساتھ ساتھ دودھ کے معیار کو بھی چیک کرتی ہیں ۔اسی حوالے سے دودھ کے 592 نمونے بھی اکٹھے کیے گئے جن میں سے 210نمونوں کی رپورٹ مل گئی ۔قیصر محمود نے بتایاکہ اس عرصہ میں دودھ سپلائی کرنے والی 110گاڑیوں کی جانچ پڑتال بھی کی گئی اور ناقص معیار پر 11500 لٹر دودھ ضائع کیا گیا جبکہ مختلف علاقوں سے ناقص اور غیر معیاری جو س کی 2000 بوتلیں قبضہ میں لے کر تلف کی گئیں ۔

متعلقہ عنوان :