حریت رہنمائوں کی پاکستان میں دہشت گردحملوں کی مذمت، قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

اپنے پیاروں کو کھونے کا درد کشمیریوں سے زیادہ کس کو ہوسکتا ہے جنہیں روز بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، میر واعظ عمر فاروق

اتوار 15 جولائی 2018 18:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2018ء) )مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور حریت فورم کے سربراہ میرو اعظ عمر فاروق نے پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ حملوں میں انسانی جانوںکے زیاںپر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ حملے پاکستان کے خلاف ایک گہری سازش ہیں جو پہلے ہی بہت سی مشکلات اور سرحد پار دہشت گردی کا سامنا کر رہا ہے۔

میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ اپنے پیاروں کو کھونے کا درد کشمیریوں سے زیادہ کس کو ہوسکتا ہے جنہیں روز بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام اور حکومت کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

کل جماعتی حریت کانفرنس ، میر واعظ کی سربراہی میں قائم حریت فورم ، تحریک مزاحمت، مسلم کانفرنس ، مسلم لیگ،جموںوکشمیر سالویشن موومنٹ اور انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے وفود بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حال ہی میں شہید ہونے والے شہریوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے کولگام، اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں گئے۔

کشمیر ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن اور کشمیرجرنلسٹ ایسوسی ایشن نے اپنے مشترکہ بیان میں بھارتی تحقیقاتی ادارے ’این آئی اے‘ کی طرف سے کشمیری صحافی عاقب جاوید کو پوچھ گچھ کے لیے نئی دلی طلب کرنے پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے کشمیری صحافیوں کو ہراساں کرنے کی کارروائی قرار دیا۔ ادھر برطانیہ کے شہر برمنگھم میں تارکین وطن کشمیریوں نے 13جولائی 1931کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے لارڈ میئر کے دفتر کے سامنے ایک ریلی نکالی ۔ پروفیسر نذیر احمد شال نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری شہداء کے عظیم مشن کو ہرقیمت پر پایہ ء تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ اس موقع پر Stewart Richard, ، شمیم شال، محمد غالب، فہیم کیانی اور نجیب افسر نے بھی خطاب کیا۔