Live Updates

خواجہ سعدرفیق این اے 131میں عمران خان کا انتخابی میٹریل نذر آتش کروارہے ہیں‘ولید اقبال

(ن)لیگ شکست دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی، دھاندلی کا واویلا کرکے انتخابات کو متنازعہ مت بنایاجائے

اتوار 15 جولائی 2018 18:20

خواجہ سعدرفیق این اے 131میں عمران خان کا انتخابی میٹریل نذر آتش کروارہے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف لاہور کے صدر ولید اقبال نے کہا ہے کہ خواجہ سعد رفیق اور ان کے حواری این اے 131میں تحریک انصاف کے امیدواروں کا میٹریل اتار کر نذر آتش کررہے ہیں،میٹریل کو ضائع کیاجارہا ہے جو مسلم لیگ(ن)کی غیر جمہوری سوچ کا منہ بولتا ثبوت ہے، شکست خوردہ (ن)لیگ ایسے اوچھے ہتھکنڈے آزما کر ہماری برداشت کو مزید مت آزمائے۔

یہ باتیں انہوںنے غازی روڈ پر تحریک انصاف کے دیگررہنمائوںکے ساتھ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ پچھلے انتخابات میں جو نقائص سامنے آئے ،خلاف قانون جو چیزیں سامنے آئیں، ان کیخلاف ہم نے آواز بلند کی جس کے بعد اب انتخابی اصلاحات ہوئے ہیں ہمیںاطمینان ہے کہ اس بارشفاف انتخابات ہوں گے لیکن ان کومتنازعہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

معاصر قریبی ممالک ہی نہیں آپ دنیا بھرکا جمہوری نظام دیکھ لیں زیادہ تر ملکوںمیں دو پارٹیاں ہی بڑی ہیں، یہاں بھی چار دہائیوں تک دو پارٹیاں سیاست میں تھیں، لیکن پاکستان کے جمہوری ارتقاء میں پاکستان تحریک انصاف آنے سے ایک اہم پیش رفت ہوئی ، خاص طورپر چند روز بعد آنیوالے عام انتخابات میں ان دونوں پارٹیوںکو تحریک انصاف سے اپنی شکست نظر آرہی ہے جو نوشتہ دیوار ہے، میاں شہبازشریف نے جس طرح خوف زدہ ہوکر دھاندلی کی بات کی ہے دراصل وہ جانتے ہیں کہ اب تیسری قوت یعنی پاکستان تحریک انصاف اُبھر کر سامنے آئیگی، اس لئے وہ دھاندلی کا شور مچانا شروع ہوگئے ہیں ، اصل میںاپنی شکست دیکر ان سے برداشت نہیں ہورہا کیونکہ وہ امپائروںکے ساتھ فکس میچ کھیلنے کے عادی ہیں، اسی کا نتیجہ ہے کہ عمران خان کے مدمقابل خواجہ سعد رفیق اوران کے ساتھی حلقے میں تحریک انصاف کاانتخابی میٹریل، فلیکس اورپرچم نذر آتش کررہے ہیں یا اتاررہے ہیں، ایک طرف یہ ووٹ کی عزت مانگ رہے ہیں تو دوسری طرف مخالف امیدواروں کیخلاف ایسے اوچھے اور شرمناک حربے اختیارکررہے ہیں، انتخابی مہم چلانے کے ہمارے آئینی حق کو پامال کیاجارہا ہے، میاں نوازشریف، مریم نوازاور صفدر اپنی سزائیں بھگت رہے ہیں یہ قانونی معاملہ ہے، جہاں سے انہیں ریلیف ملتا ہے، ہم اپنے نظریہ کے مطابق چل رہے ہیں، ہم لوگوں سے اپنی کارکردگی اور پروگرام کی بنیاد پر ووٹ مانگنے جارہے ہیں ، خیبرپختونخوا میں ہم نے پولیس، صحت، تعلیم کے نظام بہتر کئے ہیں ہم اپنی کارکردگی کی بنیادپر ہی عوام کے پاس جارہے ہیں، ہم نے وہاں شجرکاری کے ذریعے انتہائی اہم تبدیلی کی، ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام میں جارہے ہیں ، لیکن یہ چوری اور سینہ زوری کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں، جورویہ ہمارے ساتھ اپنایاگیا ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہوئے قانون کے مطابق اس کے سدباب کیلئے راستہ اختیارکریں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات