Live Updates

کامیاب ریلی سے مخالفین بہت پریشان ہیں، لاہور میں 25جولائی کو ہرطرف شیر ہی نظر آئیگا‘ پرویز ملک

قائد کے استقبال کیلئے آنیوالوں کو عمران نیازی کی طرف سے ’’پنجابی گدھے ‘‘کہنا انکی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے‘عمران نذیر

اتوار 15 جولائی 2018 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر محمد پرویز ملک اورخواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ نام نہاد نیازی اور دیگر سیاسی مخالفین جمعہ کے روز پارٹی کے قائد میاں نواز شریف کے استقبال کے لئے نکالی جانے والی تاریخی اور کامیاب ریلی سے گھبرا گئے ہیں ، استقبال کے لئے آنے والوں کو پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران نیازی کی طرف سے ’’پنجابی گدھے ‘‘کہنا ان کے گلے کی ہڈی بن چکی ہے، اور یہ ان کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے، 25جولائی کو اب ان کی سیاسی دکانداری ہمیشہ کے لئے بند ہو جائے گی۔

گذشتہ روز اپنے انتخابی حلقوں میں الیکشن مہم کے دوران کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب لاہور میں 25جولائی کو ہرطرف شیر ہی نظر آئے گا،لاہوریوں اور پنجابیوںکوجانور کہنا پاگل خان کو مہنگا پڑھ گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آسمان پر تھوکنے سے اپنے منہ پر ہی پڑتا ہے،پارٹی قائدمیاں نواز شریف نے اپنے دور اقتدار میں ہزاروں رکاوٹوں کے باوجود ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشن کردیا ہے اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا۔

انہوں نے کہا کہمسلم لیگ ن کا ووٹر حقیقت جان چکا ہے کہ کس طرح لیگی قیادت کو جیل میں ڈال گیا ہے اور نظر بند کیا گیا ہے،کارکنوں کے حوصلے مزید بڑھ گئے ہیں،انشاء اللہ 25جولائی کو عوام میاں نواز شریف اور مریم بی بی کے ساتھ ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا بدلہ لیں گے،عوام شیر پر مہریں لگا کر جلد اپنے اپنے قائدین کو جیل سے باہر لائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات