نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری،ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش سے آٹھویں پوزیشن چھین لی،پاکستان کا 7واں نمبر برقرار

بلے بازوں میں دیمتھ کرونارتنے 21درجے لمبی چھلانگ لگا کر ٹاپ ٹین میں شامل، ہاشم آملہ باہر، بائولرز میں جیسن ہولڈر نے 9درجے ترقی پا کیریئر بہترین 13ویں پوزیشن حاصل کر لی، ہولڈر پہلی بار ٹاپ فائیو آل رائونڈرز میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب

اتوار 15 جولائی 2018 18:50

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جولائی2018ء) بھارتی ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تازہ ترین ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں بدستور سرفہرست ہے، کالی آندھی نے بنگلہ دیش کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کر کے ایک درجہ ترقی کے ساتھ آٹھویں پوزیشن حاصل کر لی، بنگلہ دیشی ٹیم تنزلی کے بعد نویں نمبر پر چلی گئی، بلے بازوں میں سری لنکا کے دیمتھ کرونارتنے 21 درجے لمبی چھلانگ لگا کر پہلی بار ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے، بائولرز میں ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر 9 درجے ترقی کے ساتھ کیریئر بہترین 13ویں پوزیشن پر آ گئے، ہولڈر پہلی مرتبہ ٹاپ فائیو آل رائونڈرز میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی نے ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ اور جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ ختم ہونے کے بعد تازہ ترین ٹیم اور پلیئرز رینکنگ جاری کر دی، ٹیموں میں بھارت سرفہرست ہے، جنوبی افریقہ دوسرے، آسٹریلیا تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، انگلینڈ پانچویں، سری لنکا چھٹے اور پاکستان ساتویں نمبر پر برقرار ہے، کالی آندھی نے ایک درجہ ترقی پا کر بنگلہ دیش کو آٹھویں پوزیشن سے محروم کر دیا، بلے بازوں میں سٹیون سمتھ پہلے نمبر پر براجمان ہیں، سری لنکن بلے باز کرونارتنے جنہوں نے پروٹیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 158 اور 60 رنز سکورز کئے تھے 21 درجے لمبی چھلانگ لگا کر کیریئر بہترین 10ویں نمبر پر آ گئے، وہ چندیمل کے بعد دوسرے ٹاپ رینکڈ سری لنکن بلے باز بن گئے ہیں، کریگ بریتھویٹ 3 درجے ترقی پا کر 13ویں، شکیب الحسن 2 درجے اوپر چڑھ کر 22ویں نمبر پر آ گئے، ہاشم آملہ تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے، کوسل مینڈس 7 درجے تنزلی کے بعد 19ویں نمبر پر چلے گئے، بائولرز میں کگیسوربادا بدستور سرفہرست ہیں، رنگناہیراتھ 2 درجے بہتری کے ساتھ آٹھویں نمبر پر آ گئے، شینن گبرائل ایک درجہ گر کر ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے، جیسن ہولڈر بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 11 وکٹیں لیکر 9 درجے ترقی کے ساتھ کیریئر بہترین 13ویں نمبر پر آ گئے، ڈیل سٹین کی 2 اور کیمر روچ کی ایک درجہ تنزلی ہوئی، آل رائونڈرز میں شکیب الحسن سرفہرست ہیں، ہولڈر پہلی مرتبہ ٹاپ فائیو میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔