تمام گھوسٹ ملازمین کو بلا تفریق ملازمت سے برخاست کیاجائے،دوست محمدخان

صوبے کے تمام اضلاع میں نکاسی آب اور صفائی کیلئے بین الاقوامی معیار کی جدید ری سائیکلنگ مشینری کے استعمال کی ضرورت ہے، کوڑا کرکٹ کے مفید استعمال کیلئے گرین کمپنیاں مارکیٹ میں آچکی ہیں، جوکوڑا کرکٹ کو مفید اور کارآمد چیزوں میں تبدیل کردیتی ہیں،نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا

اتوار 15 جولائی 2018 19:00

ْپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2018ء) نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان نے صوبے کے تمام اضلاع میں نکاسی آب اور صفائی کیلئے بین الاقوامی معیار کی جدید ری سائیکلنگ مشینری کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ یقینی ہو سکے ۔ انہوںنے کہاکہ ہر دور کے اپنے تقاضے ہوتے ہیں ایک زمانہ تھا کہ ٹائون کمیٹیاں بارہ یا پندرہ افراد کے عملہ سے پورے شہر کی صفائی ستھرائی آسانی سے انجام دیتی تھیں لیکن آبادی میں بے تحاشہ اضافے اور دیہی آبادی کے شہروں کی طرف رُخ نے شہروں کے سیوریج کے نظام کو درہم برہم کردیاہے جس کی بحالی کیلئے دیرپا اقدامات نا گزیر ہو چکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی بنوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، چیف ایگزیکٹیو ڈبلیو ایس ایس سی بنوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ نگران وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بنوں میونسپل ایڈمنسٹریشن اور ڈبلیو ایس ایس سی کو سیوریج کے نظام کو ٹھیک کرنے کیلئے ہر قسم کی مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کی جائے ۔

انہوںنے کہاکہ مذکورہ محکمہ کے تمام گھوسٹ ملازمین کو بلا تفریق ملازمت سے برخاست کیاجائے۔ انہوںنے کہاکہ سزا اورجزا کے تصور کے بغیر کوئی نظام صحیح طریقے سے نہیں چل سکتا۔ دوست محمد خان نے کہاکہ ایک زمانے میں بنوں صوبے کا سب سے صاف ستھرا شہر کہلاتا تھالیکن جیسے جیسے آبادی میں اضافہ ہوتا گیا اور ضرب عضب کے نتیجے میں ملحقہ ایجنسی شمالی وزیرستان سے تقریباًدس لاکھ ٹی ڈی پیز بنوں میں آئے تو اس سے شہر پر اضافی بوجھ آیا۔

چیف ایگزیکٹیو ڈبلیو ایس ایس سی بنوں نے نگران وزیراعلیٰ کو بنوں میونسپل کے مسائل اور ادارے کی کارکردگی پر تفصیلی پریزینٹیشن دی۔ ڈبلیو ایس ایس سی بنوں نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ بنوں میں سیوریج کیلئے جو نظام بہت پہلے بنایا گیا تھا وہ جگہ جگہ سے تباہ ہو چکا ہے جس کی وجہ سے پورے شہر میں بدبو اور آلودگی میں اضافہ ہوا ہے اور مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا بھی خطرہ ہے ۔

انہوںنے نگران وزیراعلیٰ سے سیوریج کے نظام کو ٹھیک کرنے کیلئے بجٹ میں اضافی رقم مختص کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ نگران وزیراعلیٰ نے ڈونر اور صوبائی بجٹ کے ذریعے مالی مدد دینے کا عندیہ دیتے ہوئے ایک جامع سروے کرنے اور تباہ شدہ سسٹم کی لمبائی اور چوڑائی کی پیمائش کے مطابق حقیقت پسندانہ سمری ارسال کرنے کی ہدایت کی ۔ نگران وزیراعلیٰ نے تجویز پیش کی کہ دُنیا میں گندگی ختم کرنے کیلئے جدید آٹو میٹک مشین ایجاد ہو چکی ہے ۔

کوڑا کرکٹ کے مفید استعمال کیلئے گرین کمپنیاں مارکیٹ میں آچکی ہیں، جوکوڑا کرکٹ کو مفید اور کارآمد چیزوں میں تبدیل کردیتی ہیں۔ لہٰذا ایک طرح سے یہ ایک کاروبار یعنی معاش کا ذریعہ بن چکا ہے۔ انہوںنے کہاکہ آغا خان فائونڈیشن والے اس پر بہت کام کر چکے ہیں۔ دوست محمد خان نے کہاکہ سرکاری محکموں کے اندر یونین ازم نے کام خراب کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ملازمین کی شکایات کے ازالے کیلئے انصاف کی فراہمی کا تیز رفتار نظام ہونا چاہیئے تاکہ ملازمین کو یونین بنانے کی ضرورت ہی نہ رہے ۔