میڈیکل ایٹا انٹری ٹیسٹ 2018 خراب موسم اور شدید بارش کے باعث ملتوی کردیا گیا

یہ ٹیسٹ صوبے کے سا ت مختلف سنٹرز میں منعقد ہونا تھاجس کے لیے تمام انتظامات مکمل تھے اتوار کی صبح مردان میں ہونے والی شدیدبارش اور طوفان کے باعث ٹیسٹ ملتوی کرناپڑا

اتوار 15 جولائی 2018 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2018ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور کے زیر انتظام میڈیکل اور ڈینٹل کالجزایٹا انٹری ٹیسٹ گزشتہ روز صوبے کے سا ت مختلف سینٹروں پشاور،ہر ی پور،مردان، کو ہا ٹ، ملاکنڈ، سیدوشریف سوات اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بیک وقت منعقد ہوناتھا۔ٹیسٹ میں مجموعی طور پر38057 طلباء وطالبات نے شریک ہوناتھا جس کے لیئے تمام ضروری انتظامات ایک دن قبل مکمل کر لیئے گئے تھے لیکن اتوار کی صبح سوات،ہری پور،ملاکنڈ،کوہاٹ اور بالخصوص مردان میں ہونے والی شدید بارش اورطوفان کے باعث انتظامات دربرہم ہونے اور ٹیسٹ کے میدانوں میں پانی کھڑا ہونے اور شدید کیچھڑ کے باعث ایٹا کوآرڈینیشن کمیٹی نے اتفاق رائے سے ٹیسٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ ٹیسٹ کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں صوبائی حکومت کی منظوری سے ہوگا ۔

(جاری ہے)

خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاورکی جانب سے جاری شدہ ایک وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیسٹ کے لیئے نہ صرف تمام انتظامات بالکل مکمل تھے بلکہ تمام سنٹرز میںانتظامی اور امتحانی عملہ بھی ایک روز قبل پہنچ گیا تھاجبکہ اتوار کے روزاکثرطلباء وطالبات بھی اپنے اپنے متعلقہ سنٹرز میں پہنچ گئے تھے لیکن اتوار کی صبح سوات،ہری پور،ملاکنڈ،کوہاٹ اور خاص کر مردان میں ہونے والی شدید بارش اور طوفان کے باعث ٹینٹ اور قناتیں اکھڑ گئیں اور میدان میں پانی بھر گیاجس پر ہنگامی اقدامات کے تحت انتظامات کی بحالی اور ٹیسٹ ہرحال میں منعقد کرنے کی ہرممکن کوششیں کی گئیں لیکن چونکہ انتظامات کی بحالی چار پانچ گھنٹوں میں بھی ممکن نہیں تھی لہٰذا کوآرڈینیشن کمیٹی جو کہ وائس چانسلرزکے ایم یو،یو ای ٹی اور ٰایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایٹا پر مشتمل ہے نے سپیشل سیکرٹری محکمہ ہائرایجوکیشن کی سربراہی میںٹیسٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا جس کے لیئے متبادل تاریخ کا علان صوبائی حکومت کی منظوری سے جلد ہی کردیا جائے گا۔

یہاں اس مر کی وضاحت بھی ضروری معلوم ہوتی ہے کہ ایٹا ٹیسٹ چونکہ تمام سنٹروں میں بیک وقت منعقد ہوتاہے اور تمام طلباء وطالبات ایک ہی طرح کے سوالات پر مبنی پرچہ دیتے ہیںاس لیئے کسی ایک سنٹر میں کسی بھی وجہ سے ٹیسٹ ملتوی یا منسوخ ہونے کی وجہ سے تمام دیگر سنٹروں میں ٹیسٹ ملتوی یا منسوخ کرناپڑتا ہے اسی وجہ سے پشاور ،ڈی آئی خان اور بعض دیگرسنٹروں میں موسم نسبتاً سازگار ہونے کے باوجود مردان کے مخدوش موسمی حالات کے باعث تمام دیگر سنٹروں میں ٹیسٹ کاملتوی کیا جانا ضروری تھاجس کا اکثر طلباء وطالبات اور والدین نے بھرپور خیرمقدم کیاہے۔ #