سانحہ یکہ توت کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، رابعہ ستار

اے این پی نے کبھی غیر جمہوری قوتوں کا ساتھ نہیں دیا ، الیکشن میں بھاری مینڈیٹ حاصل کرے گی،رہنما اے این پی

اتوار 15 جولائی 2018 20:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کی سینئر رہنما رابعہ ستار نے کہا ہے کہ اے این پی ہارون بلور جیسا قیمتی اثاثہ کھونے کے باوجود دہشت گردوں کے سامنے نہیں جھکے گی اور الیکشن میں بھاری مینڈیٹ کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گی ،اپنے ایک بیان میں انہوں نے یکہ توت بم دھماکے کو دشمنوں کی بزدلانہ کاروائی قرار دیتے ہوئے واقعے کی مذمت کی اور اس میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تمام شہداء کیلئے دعائے مغفرت کی ، انہوں نے کہا کہ ہارون بلور کی شہادت بلا شبہ ناقابل تلافی نقصان ہے تاہم اے این پی کے کارکنوں کے جذبے میں پہلے سے زیادہ شدت آئی ہے ، رابعہ ستار نے کہا کہ اے این پی کبھی کسی غیر جمہوری قوت اور دہشت گردوں کے سامنے نہیں جھکی ، انہوں نے کہا کہ شہداء اے این پی کا سرمایہ تھے اور ان کی شہادت ان کے خاندان اور پارٹی کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے ، انہوں نے شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ جانوں کے نذرانے دینے والوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے 25جولائی کو اے این پی پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کریں تاکہ آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔