ہم پختونوں کا حق اور تحفظ چاہتے ہیں،سکندرحیات خان شیرپائو

اتوار 15 جولائی 2018 20:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جولائی2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپائو نے کہاہے کہ ہم پختونوں کا حق اور تحفظ چاہتے ہیں اور پختون جہاں کہیں پر آباد ہوں ان کے تحفظ اور حق کو یقینی بنانے کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔انھوں نے کہا کہ پختونوں کو مسائل کے حل کیلئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہو گا تاکہ ان میں اتفاق اور اتحاد قائم کیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے حلقہ PK-56میں مختلف انتخابی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ پختونوں کو ان کا جائز مقام دلانا اور صوبہ کے مسائل کو حل کرنا قومی وطن پارٹی کا منشور ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے ہر سطح پر جدوجہد کی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ اگر پختونوں کو حقوق سے محروم رکھنے کی کوشش کی گئی تو قومی وطن پارٹی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور پختونوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر فورم اور ہر محاذ پر جدوجہد کرے گی ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت بڑے مسائل جیسے دہشت گردی،بجلی لوڈشیڈنگ اورصوبائی وسائل کو پیچھے دھکیل دیا گیا۔انھوں نے کہا کہ جب تک پختونوں کے مسائل حل نہیں ہوں گے تب تک قومی وطن پارٹی اپنی آواز بلند کرتی رہے گی ۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی نے لوگوں کی اقتصادی ترقی اور سماجی خوشحالی کیلئے انقلابی پروگرام مرتب کیا ہے تاکہ پختونوں کو شاندار مستقبل فراہم کیا جائے اور وہ قومی سطح پر ملکی تعمیر وترقی میں فعال اور سرگرم کردار ادا کر سکے۔اس موقع پر پارٹی کے ضلعی عہدیدار ،ڈسٹرکٹ و تحصیل ممبران اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔