Live Updates

کئی اہم رہنمائوں کو کالعدم تحریک طالبان اور جماعت الاحرارسے خطرہ

اعلیٰ فوجی اور سول حکام کے اجلاس میں فہرست پیش کر دی گئی ،سیکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ

اتوار 15 جولائی 2018 20:30

کئی اہم رہنمائوں کو کالعدم تحریک طالبان اور جماعت الاحرارسے خطرہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2018ء) انتخابات کے سیکیورٹی معاملات کا جائزہ لینے کیلئے پشاور میں ایک حالیہ اجلاس میں بتایا گیا کہ کئی اہم رہنمائوں کو کالعدم تحریک طالبان اور جماعت الاحرارسے خطرہ ہے ۔ 13 جولائی کو ہونیوالے اجلاس میں اعلیٰ فوجی اور سول حکام نے شرکت کی جس میں ایک فہرست پیش کی گئی جس میں ان رہنمائوں کے نام بتائے گئے جس کو دہشتگرد تنظیموں سے خطرہ ہے ۔

ان رہنمائوں اور انتخابی امیدواروں میں اسفند یار ولی خان، عمران خان ، مولانا فضل الرحمان ،آفتاب شیر پائو، اکرم خان درانی، امیر حیدر خان ہوتی، سابق رکن قومی اسبملی بلال الرحمان، سابق ایم این اے شہاب الدین خان، بنوں سے سابق وزیر شیر اعظم خان وزیر، بنوں میں جے یو آئی کے امیدوار ملک شیریں وزیر، بنوں میں پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمد وزیر، بنوں کے عدنان وزیر ، کرم ضلع کے حبیب نور ، اورکزئی ضلع کے قاسم نور ، اورکزئی کے گل محمد ، اورکزئی کے جلال حسین ، دیر بالا کے باچا صالح ، مالا کنڈ میں پیپلز پارٹی کے محمد علی شاہ باچا اور مردان کی مقامی سیاسی قیادت شامل ہیں۔

(جاری ہے)

این این آئی کو ذرائع نے بتایا کہ اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ان رہنمائوں کو کارنر میٹنگز اور نقل و حرکت کے دوران خطرہ ہو سکتا ہے ۔جن رہنمائوں اور امیدواروں کا ذکر فہرست میں کیا گیا ہے انکی سیکیورٹی بڑھائی جائیگی۔ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بتایا کہ ٹی ٹی پی اور احرار نے حملوں کیلئے لوگ تشکیل دیئے ہیں اور انکی کارروائیاں ضلع پشاور، جنوبی وزیرستان ضلع ، ڈیرہ اسماعیل خان، شمالی وزیرستان ضلع ، صوابی ، اورکزئی ضلع اور مالاکنڈ میں حضر نور چیک پوسٹ کا قریبی علاقے میں ہو سکتی ہے ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ ممکنہ دہشتگرد کارروائیوں کو ناکام بنانے کیلئے معلومات تمام ایجنسیوں اور مقامی پولیس کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔ انتخابی کمپین اور 25 جولائی کیلئے سیکیورٹی انتظامات پر توجہ دی جائیگی۔ مشکوک افراد پر نظر رکھنے کیلئے ہوٹلوں ، سرائے اور کرائے پر حالیہ دنوں میں دیئے جانیوالے گھروں کی مسلسل نگرانی کی جائیگی ۔ دینی مدارت کی انتظامیہ اور مساجد کے اماموں کے ساتھ بھی رابطہ رکھا جائیگا تاکہ مہمان کا ریکارڈ چیک کیا جائے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات