Live Updates

مردان‘ قومی اسمبلی کی تین نشستوں پر ہیوی ویٹ امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع

اتوار 15 جولائی 2018 20:50

مردان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) مردان کی قومی اسمبلی کی تین نشستوں پر ہیوی ویٹ امیدواروں کے درمیان مقابلے کی فضاء بن رہی ہے‘ عوامی نیشنل پارٹی،پاکستان پیپلز پارٹی،تحریک انصاف اور متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے ۔ تفصیلات کے مطابق مردان میں قومی اسمبلی کی تین نشستوں این ای20،این اے 21اور این ای22 پر پاکستان پیپلز پارٹی،عوامی نیشنل پارٹی،متحدہ مجلس عمل،پاکستان مسلم لیگ(ن) اور پاکستان تحریک انصاف کے علاوہ دوسری جماعتوں اور آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

این اے 20 پر اصل مقابلہ پاکستان پیپلز پارٹی کے خواجہ محمد خان ہوتی،ایم ایم اے کے ڈاکٹر عطاء الرحمان،پاکستان تحریک انصاف کے مجاہد خان،اے این پی کے گل نواز خان کے درمیان ہے خواجہ محمد خان ہوتی نے الیکشن سے کافی عرصہ قبل اپنے حلقے میں عوامی رابطوں کا سلسلہ شروع کر رکھا تھا جبکہ سابق سپیکر عبدالاکبر خان مرحوم کی بیوہ خائست بیگم کو پیپلز پارٹی کا ٹکٹ ملنے پر پارٹی کارکن متحرک ہوگئے ہیں جس سے خواجہ محمد خان ہوتی کی پوزیشن بہتر ہوگئی ہے‘ متحدہ مجلس عمل کے امیدوار ڈاکٹر عطاء الرحمان بھی مفتی حماد اللہ بابوزئی کی بھر پور حمایت سے اچھی پوزیشن پر آگئے ہیں تحریک انصاف کے امیدوار مجاہد خان کے کریڈٹ پر بحیثیت ایم این اے سابق کمزور کارکردگی ہے اگرچہ مجاہد خان کی ذاتی کارکردگی اچھی رہی لیکن انہوں نے اپنے حلقے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کرائے جبکہ تحریک انصاف میں اس نشست کے ٹکٹ کے لیے دوسرے امیدوار بھی تھے انہیں ٹکٹ نہ ملنے پر ان کی خاموش ناراضگی سے بھی تحریک انصاف کا ووٹ بنک متاثر ہوسکتا ہے اسی طرح عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار گل نواز خان بھی اس حلقے پر پنجہ آزمائی کررہے ہیں لیکن ان کی پوزیشن کو دیکھ کر یہ اندازہ بخوبی لگایا جاسکتاہے کہ شائد وہ مقابلہ نہ کر سکے علاقے کی مقامی سیاست ،سیاسی جماعتوں کے کردار،شخصی ووٹ ،امیدواروں کی ذاتی شخصیت اور ووٹروں کے موڈ کے پیش نظراصل مقابلہ پیپلز پارٹی کے خواجہ محمد خان ہوتی اور متحدہ مجلس عمل کے ڈاکٹر عطاء الرحمان کے مابین ہوگا تاہم اندازے سیاسی حالات کے کروٹ بدلنے سے کسی بھی وقت تبدیل ہوسکتے ہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات