کراچی کے بنیادی مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا، مصطفی کمال

شہر قائد کے باسیوں کے پاس موجودہ حالات میں پاک سر زمین پارٹی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں

اتوار 15 جولائی 2018 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جولائی2018ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے جو پورے پاکستان کو پالتا ہے لیکن اس کے باوجود بھی کراچی کے بنیادی مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا۔ جس کی وجہ سے آج شہر کچرہ کنڈی میں تبدیل ہو گیا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی والوں تمھارے مسائل حل کرنے کیلئے آسمان سے فرشتے نہیں آئینگے آپ کو خود صحیح اور غلط میں فرق کرنا ہوگا۔

آپ لوگوں کے پاس موجودہ حالات میں پاک سر زمین پارٹی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔ اس لیے 25 جولائی کو امن اور ترقی کی علامت ڈولفن کے نشان کو شاندار کامیابی دلا کر ظالموں سے نجات حاصل کرنی ہے۔سید مصطفیٰ کمال نے ڈھائی نمبر کورنگی میں این اے 241، پی ایس 96، اور این 240، پی ایس 94، 95 کے مرکزی الیکشن دفاتر کا افتتاح کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر این اے 240 کے امیدوار آصف حسنین، پی ایس 96 کے امیدوار فیضان یاسر، پی ایس 95 کے شیراز وحید، پی ایس 94 عرفان خان اور پی ایس 97 سعد صدیقی بھی موجود تھے۔

سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ مہاجروں کے نام نہاد رہنماؤں کو کراچی کے نوجوانوں کی کوئی فکر نہیں مہاجروں نے تو اپنا سب کچھ دے دیا اور یہ آج بھی جاگ مہاجر جاگ کا نعرہ لگا رہے ہیں لیکن اس کے عوض مہاجروں کو کیا ملا پینے کے صاف پانی، اسپتالوں میں علاج، تعلیمی اداروں میں تعلیم کی عدم دستیابی اور کچرے کو اس شہر کی پہچان بنادیا گیا۔ اے مہاجروں میں تم کو ایم کیو ایم کی زنجیر سے آزاد کرانا چاہتا ہوں میں تم کو پاکستان کی آواز بنانا چاہتا ہوں سب قومیتوں کو تمہارا دوست بنانا چاہتا ہوں۔

کراچی والوں 25 جولائی کو تم شہر کے چوکیداروں کو بدلنے کے لیے تیار ہو تو انشاء اللہ 26 جولائی کو نئی صبح کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لانڈھی والوں یہ سیٹوں کا الیکشن نہیں یہ ہماری تمھاری نسلوں کے مستقبل کیلئے فیصلے کا الیکشن ہے۔ میں تم کو دہشت گرد بنانے نہیں آیا ہوں میں تمہارے ہاتھ میں ہتھیار نہیں دونگا بلکہ میں تمہارے ہاتھوں میں قلم دینا چاہتا ہوں تمہارے مستقبل بہتر بنانا چاہتا ہوں۔ میرے بھائیوں ہم کو کسی سے لڑائی نہیں کرنی کوئی کسی بھی پارٹی سے ہو اس کو گلے لگانا ہے تم اپنی پوری کوشش کرو دیکھنا کامیابی تمہارے قدم چومے گی۔#