سندھ ڈیموکریٹک الائنس اورمتحدہ مجلس عمل کے مابین سندھ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پراتفاق ہوگیا

مجلس عمل سندھ نے جی ڈی اے سے انتخابی اتحاد کی بھی منظوری دے دی‘ فائنل انتخابی معرکہ میں سندھ بھرسے مشترکہ امیدوارہونگے

اتوار 15 جولائی 2018 21:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) سندھ ڈیموکریٹک الائنس اورمتحدہ مجلس عمل کے مابین سندھ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پراتفاق ہوگیا۔ مجلس عمل سندھ نے جی ڈی اے سے انتخابی اتحاد کی بھی منظوری دے دی۔ فائنل انتخابی معرکہ میں سندھ بھرسے مشترکہ امیدوارہونگے۔ سندھ اسمبلی کی 20 نشستوں پرسیٹ ایڈجسٹمنٹ کرلی گئی ۔متحدہ مجلس عمل سندھ کے صدر علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ سندھ ڈیموکریٹک الائنس سے صوبائی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی مجلس عاملہ نے منظوری دیدی ہے جلد ہی ایم ایم اے اور جی ڈی اے کے رہنمائوں کا اجلاس طلب کر کے مشترکہ طورپر اتحاد کا باضابطہ اعلان کردیا جائے گا۔

اس بات کا فیصلہ متحدہ مجلس عمل سندھ کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے گذشتہ 10 سالوں میں سندھ کی تباہی اور عوام کا خون چوسنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔

(جاری ہے)

25 جولائی عوام دشمن قیادت سے ووٹ کی پرچی کے ذریعے انتقام لینے کا بھترین موقع ہے۔ متحدہ مجلس عمل سندھ کی مجلس عاملہ کا اجلاس جے یو آئی رہنما اورمجلس عمل کے پی ایس 101 کے امیدوار بابر قمرعالم کی رہائش گاہ گلشن اقبال میں صوبائی صدرمولانا راشدمحمود سومرو کی زیرصدارت منعقد ہواجس میں صوبائی نائب صدور ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی، مفتی یوسف قصوری،جنرل سیکریٹری علامہ ناظر عباس تقوی، ممتاز حسین سہتو، اسلم غوری، ابراہیم طارق، حلیم غوری اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے شرکت کی۔

اجلاس میں پشاور، بنوںاور مستونگ بم دھماکوں میں شہید ہونے والوں کی مغفرت، درجات کی بلندی، لواحقین کے لئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحتیابی کی دعا کی گئی، اجلاس میں ابتک انتخابی مہم کی صورتحال کا جائزہ لیا گیاامیدواروں کی جانب سے محدود وسائل کے باوجود زبردست انتخابی مہم اور بھرپور عوامی پذیرائی پر اطمنان کا اظہار کیا گیا۔

علامہ راشد محمود سومرونے کہا کہ دینی جماعتوں کا اتحاد متحدہ مجلس عمل سندھ میں ایک سیاسی قوت بن کر سامنے آیا ہیانتخابی جلسوں میں بھرپور عوامی شرکت اس کا واضح ثبوت ہے۔ 25 جولائی کو شفاف و غیر جانبدار انتخابات ہوئے تو انشااللہ نہ صرف سندھ بلکہ پورے ملک میں متحدہ مجلس عمل ایک بڑی قوت بن کر سامنے آئے گی انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ 25 جولائی کو الیکشن کمیشن پولنگ اسٹیشن پر فوج، رینجرز اہلکاروں کی تعیناتی کو یقینی بنائے اور کیمرے نصب کئے جائیں،مجلس عمل سمیت تمام امیدواروں اورانتخابی جلسوں کو فول پروف سیکورٹی دی جائے۔