گرین کریسنٹ ٹرسٹ کے تحت 154ویں فلاحی اسکول کا افتتاح مہران ٹائون کورنگی میں 17جولائی کو کیا جائے گا

اتوار 15 جولائی 2018 21:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) گرین کریسنٹ ٹرسٹ کے تحت 154ویں اسکول کا افتتاح 17جولائی 2018کو کورنگی کے علاقے مہران ٹائون میں کیا جائے گا۔ ہلال پبلک اسکول ( مارٹن ڈاوکیمپس ) کاافتتاح مارٹن ڈاو گروپ کے گروپ چیئرمین اے ستار اکھائی کریں گے۔

(جاری ہے)

تقریب میں این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت اور بے نظیر شہید یونیورسٹی (لیاری ) کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ ، مارٹن ڈاو کے چیئرمین جاوید اکھائی، کاٹی کے چیئرمین طارق ملک اور گرین کریسنٹ ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زاہد سعید سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ گرین کریسنٹ ٹرسٹ کے تحت کورنگی مہران ٹائون میں چھٹے اسکول کا افتتاح کیا جارہاہے،جہاں تقریبا 1430بچے زیرتعلیم ہیں، جس کا مقصد پسماندہ علاقوں میں رہنے والے غریب افراد کے بچوں کو دورجدید کے مطابق معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا ہے، جبکہ گرین کریسنٹ ٹرسٹ کے تحت صوبے کے شہری اور دیہی علاقوں میں 153اسکول خالصتا فلاحی بنیادوں پر چلائے جارہے ہیں جن میں زیرتعلیم بچوں کی تعداد 29ہزار سے زائد ہے۔