حج سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی دنیا بھر سے عازمین حج سعودی عرب پہنچنا شروع ہو گئے‘ پاکستان، بنگلہ دیش، افغانستان اور ملائیشیا سے پہلی حج پروازیں پہنچ گئیں

اتوار 15 جولائی 2018 21:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) حج سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی دنیا بھر سے عازمین حج سعودی عرب پہنچنا شروع ہو گئے۔ پاکستان، بنگلہ دیش، افغانستان اور ملائیشیا سے پہلی حج پروازیں ہفتہ کو پہنچ گئیں۔ دنیا بھر سے آنے والے عازمین حجاج کے لئے سرکاری اور نجی شعبہ کی ایئر لائنوں نے اپنے حج روانگی آپریشنز کو حتمی شکل دے رکھی ہے اور عازمین شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ اور پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ مدینہ پہنچ رہے ہیں۔

عرب نیوز کے مطابق کراچی سے 171 پاکستانی عازمین حج کو لے کر پہلی حج پرواز پی کے 7001 ہفتہ کی صبح مدینہ پہنچ گئی ہے۔ دوسری حج پرواز پی کے 741 اسلام آباد سے 186 پاکستانی عازمین حج کو لے کر شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

عازمین حج کا استقبال پاکستانی قونصل خانہ کے حکام نے کیا۔ سعودی وزیر حج عبداللہ الفتاح اور دیگر سعودی حکام بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

حج پالیسی 2018ء کے مطابق اس سال کل ایک لاکھ 77 ہزار 210 پاکستانی عازمین پرائیویٹ حج سکیموں کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔ مزید حج پروازوں کے ملک کے دیگر شہروں بشمول پشاور، ملتان، سکھر اور لاہور اور فیصل آباد سے بھی شیڈول جاری کئے جا چکے ہیں۔ پاکستانی وزارت مذہبی امور کے ترجمان عمران صدیقی نے عرب نیوز کو بتایا کہ ہم نے سعودی حکومت کے ساتھ تعاون سے تمام حجاج کرام کے لئے رہائش، طعام اور نقل و حرکت کے لئے شاندار انتظامات کر رکھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حج فلائٹوں کا آپریشن 15 اگست تک جاری رہے گا اور عازمین حج کے ویزوں کے اجراء اور دیگر امور کی انجام دہی کے لئے اسلام آباد میں سعودی سفارتخانہ تعطیلات کے دوران بھی کھلا رہا۔ بنگلہ دیش سے 419 عازمین کو لے کر پہلی حج پرواز بھی جدہ ایئرپورٹ پہنچ گئی ہے۔ عازمین حجاج کو سعودی حکام کی طرف سے کھجوروں اور جائے نماز کے تحائف پیش کئے گئے۔

مسافروں کا جنرل اتھارٹی برائے سول ایوی ایشن کے نائب صدر سلمان بن حماد السیام، ڈائریکٹر جنرل شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ ایسام فواد اور متعدد حکومتی شخصیات اور ایئرپورٹ حکام نے خیر مقدم کیا۔ ملائیشیا سے پہلی حج پرواز مدینہ ایئرپورٹ پر پہنچ چکی ہے۔ کابل سے 345 افغان عازمین حج کو لے کر حج فلائٹ بھی ہفتہ کو پہنچ چکی ہے۔ وزیر حج و مذہبی انڈومنٹس فیض محمد عثمانی نے تصدیق کی کہ کابل اور ہرات سے حج پروازیں شروع ہو چکی ہیں اور جلد قندھار اور بلخ سے بھی پروازوں کا آغاز ہو جائے گا۔

تقریباً 30 ہزار افغان عازمین حج اس سال فریضہ حج ادا کریں گے جن میں سے 500 عازمین کو حکومت سپانسر کر رہی ہے جن میں بیشتر افراد ملک میں جاری جنگ کا نشانہ بننے والے افراد کے اہل خانہ شامل ہیں۔