حیدرآباد،پیپلز پارٹی کے قومی اور صوبائی حلقوں کے امیدواروں ملک اسد سکندر، سید مراد علی شاہ اور سکندر راہپوٹو نے انتخابی مہم تیز کردی

تینوں امیدواروں نے الیکشن مہم کے سلسلے میں سیہون اور کوٹری کے حلقوں میں مختلف علاقوں کا دورہ کیا

اتوار 15 جولائی 2018 21:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے جامشورو کے قومی اور صوبائی حلقوں پر نامزد کردہ امیدواروں ملک اسد سکندر، سید مراد علی شاہ اور سکندر راہپوٹو نے اپنی انتخابی مہم تیز کردی ہے۔تینوں امیدواروں نے الیکشن مہم کے سلسلے میں سیہون اور کوٹری کے حلقوں میں مختلف علاقوں کا دورہ کیا،جس کے دوران مختلف برادری کے سینکڑوں افراد نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

اس موقع پر ملک اسد سکندر نے کہا کہ جامشورو پی پی کا قلعہ ہے، ہم نے ہر دور میں یہاں عوام کی خدمت کی ہے۔ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے ہم کوشاں رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ یہاں کے لوگ ہمیں عزت اور محبت دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

عوام سے ہمارا تعلق سیاسی یا الیکشن کا نہیں بلکہ ہم عوام کے دکھ سکھ میں ساتھ رہتے ہیں اس لئے یہاں ہمارے مخالفین کے لئے کوئی جگہ نہیں، یہاں کی عوام نے جلال محمود شاہ کو تین انتخابات میں رد کیا ہے، کیونکہ ان کے پاس عوام کے لیے کوئی پروگرام نہیں۔

انہوں نے کہاکہ جلال شاہ کی اپنی کوئی سیاسی حیثیت نہیں ہے، اس لئے اب ڈاکٹر سکندر شورو کو آگے لائے ہیں، ان کو دوسروں کے بچوں کو بگاڑنے میں مزہ آتا ہے، انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر سکندر کو پی پی سے نکلوادیا ہے، اب الیکشن ہار گیا تو برادری میں بھی کوئی عزت نہیں رہے گی۔اس مرتبہ بھی عوامی ووٹ کی طاقت سے مخالفین کو شکست دیں گے۔ ملک اسد نے کہا جامشورو میں مثالی امن امان ہے، ہم نے صنعتی زونز میں بھتہ خوری کا خاتمہ کرایا، عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری پہلی ترجیح ہے۔