کراچی، الیکشن کمیشن پولنگ اسٹیشن پر فوج، رینجرز اہلکاروں کی تعیناتی کو یقینی بنائے اور کیمرے نصب کئے جائیں،علامہ راشد محمود سومرو

مجلس عمل سمیت تمام امیدواروں اورانتخابی جلسوں کو فول پروف سیکورٹی دی جائے،عوام 25 جولائی کو اپنے گھروں سے نکل کر مجلس عمل کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں،صدر متحدہ مجلس عمل سندھ

اتوار 15 جولائی 2018 21:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل سندھ کے صدر علامہ راشد محمود سومرو نے مطالبہ کیا ہے کہ 25 جولائی کو الیکشن کمیشن پولنگ اسٹیشن پر فوج، رینجرز اہلکاروں کی تعیناتی کو یقینی اور کیمرے نصب کئے جائیں،مجلس عمل سمیت تمام امیدواروں اورانتخابی جلسوں کو فول پروف سیکورٹی دی جائے۔عوام 25 جولائی کو اپنے گھروں سے نکل کر مجلس عمل کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں، ایم ایم اے اقتدار میں آکر عوام کے مسائل حل، سندھ کی خوشحالی اور کرپٹ قیادت کا احتساب کرے گی۔

سندھ ڈیموکریٹک الائنس سے صوبائی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی مجلس عاملہ نے منظوری دیدی ہے جلد ہی ایم ایم اے اور جی ڈی اے کے رہنماو ٴں کا اجلاس طلب کر کے مشترکہ طورپر اتحاد کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی نے اپنے گذشتہ 10 سالوں میں سندھ کی تباہی اور عوام کا خون چوسنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔ 25 جولائی عوام دشمن قیادت سے ووٹ کی پرچی کے ذریعے انتقام لینے کا بھترین موقع ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ایم اے سندھ کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب اور میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ متحدہ مجلس عمل سندھ کی مجلس عاملہ کا اجلاس جے یو آئی رہنما اورمجلس عمل کے پی ایس 101 کے امیدوار بابر قمرعالم کی رہائش گاہ گلشن اقبال میںصوبائی صدرمولانا راشدمحمود سومرو کی زیرصدارت منعقد ہواجس میں صوبائی نائب صدور ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، مفتی یوسف قصوری،جنرل سیکریٹری علامہ ناظر عباس تقوی، ممتاز حسین سہتو، اسلم غوری، ابراہیم طارق، حلیم غوری اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔

اجلاس میں پشاور، بنوںاور مستونگ بم دھماکوں میں شہید ہونے والوں کی مغفرت، درجات کی بلندی، لواحقین کے لئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحتیابی کی دعا کی گئی، اجلاس میں ابتک انتخابی مہم کی صورتحال کا جائزہ لیا گیاامیدواروں کی جانب سے محدود وسائل کے باوجود زبردست انتخابی مہم اور بھرپور عوامی پذیرائی پر اللہ کا شکر اور اطمنان کا اظہار کیا گیا۔

علامہ راشد محمود سومرونے کہا کہ دینی جماعتوں کا اتحاد متحدہ مجلس عمل سندھ میں ایک سیاسی قوت ابھر کر سامنے آیا ہے جس نے سندھ میں ہلچل مچادی ہے۔ کراچی تا کشمور مجلس عمل کے نامزد امیدوار عوام سے رابطہ میں ہے۔ انتخابی جلسوں میں بھرپور عوامی شرکت اس کا واضح ثبوت ہے۔ 25 جولائی کو شفاف و غیر جانبدار انتخابات ہوئے تو انشائ اللہ نہ صرف سندھ بلکہ پورے ملک میں متحدہ مجلس عمل ایک بڑی قوت بن کر سامنے آئے گی۔#