Live Updates

لاہور، شہباز شریف کاپولیس اور انتظامیہ کے افسران کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے کی دھمکیاں دینا پری پول رگنگ ہے،جمشید اقبال چیمہ

اتوار 15 جولائی 2018 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2018ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ، حلقہ این اے 127سے نامزد امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف کاپولیس اور انتظامیہ کے افسران کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے کی دھمکیاں دینا پری پول رگنگ ہے جس کا الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہیے ،پانامہ لیگ والے ماضی کی طرح ’’بیساکھیاں ‘‘میسر نہ آنے کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ،نواز شریف جیل میںبی کلاس ملنے کے باوجود شکایات کر رہے ہیں جبکہ عوام تو بی کلاس سے بھی ابتر حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ کی مختلف یونین کونسلوں میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر یونین کونسل 120مرشد آباد بڑے میاں درس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے مقامی رہنمائوں نے عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت اور جمشید اقبال چیمہ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میںمسرت جمشید چیمہ ،حاجی طارق خان ، محمد وقاص ، محمد دائود، طاہر بھٹی ، کاشف علی اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ شہباز شریف اپنے دور اقتدار میں نہتے عوام پر گولیاں برساتے ہیں اور جب ان کی جماعت کو قانون ہاتھ میں لینے اور جلائو گھیرائو سے روکا جاتا ہے تو پولیس افسران اور انتظامیہ کو کھلے عام دھمکیاں دیتے ہیں۔

ہمار امطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ان دھمکیوں کا نوٹس لے او ران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری مشینری کی آشیر باد کے بغیر پانامہ لیگ والوں کی شکست نوشتہ دیوار ہے اسی لئے صبح شام واویلا کیا جارہا ہے ۔ عوام انتخابات سے قبل نتائج تسلیم نہ کرنے کی دھمکیوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہوں گے ۔ انہوںنے کہا کہ انشا اللہ آنے والا وقت عوام کی حکمرانی کا ہے اور کئی دہائیوں بعد پسے ہوئے طبقات کو بھی سکھ اور چین کی زندگی نصیب ہو سکے گی ۔ 07-18/--115
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات