نامور ترقی پسند شاعر اور صحافی رحمان فراز انتقال کرگئے

اتوار 15 جولائی 2018 22:00

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) نامور ترقی پسندشاعر اور صحافی رحمان فراز اتوار کی صبح انتقال کر گئے ۔ ان کی عمر 82 سال تھی اور طویل عرصہ سے صاحب فراش تھے۔رحمان فراز کا اصل نام عبدالرحمان تھا ۔وہ 26 اکتوبر 1936 ء کو جھنگ میں پیدا ہوئے۔ ابتدا ئی تعلیم جھنگ سے ہی حاصل کی۔ پرائمری میں وکٹوریہ کراس سکالر شپ حاصل کیا، رحمان فراز نے 1950 ء میںجھنگ ہائی سکول سے میٹرک کیا۔

1952ء میں جھنگ کالج سے ایف اے اور 1954 میں ایمرسن کالج سے بی اے کیا ۔ وہ 1957 سے 1966 تک یونیسکو سے منسلک رہے ۔ اسی دوران انہوں نے بیرون ملک صحافت کی تعلیم حاصل کی اور 1964 ء میں ڈپلومہ آف جرنلزم حاصل کیا جوایم اے کے برابر ہے۔وطن واپس آکر پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے انگریزی کیا۔

(جاری ہے)

رحمان فراز نے روزنامہ ’’ کوہستان‘‘ سے صحافتی زندگی کا آغاز کیا اس کے بعد ڈیلی ’’پاکستان ٹائمز‘‘ اور ڈیلی ’’مساوات ‘‘میں کام کرتے رہے۔

1977ء میں ضیاء الحق کے مارشل لاء کے بعد انہوں نے صحافت کوخیر باد کہہ دیا ۔1979 ء سے 1989ء تک سیال میڈیکل سنٹر ملتان میں بطور ایڈمنسٹریٹر کام کرتے رہے۔ 1991ء میں لا ء کالج ملتان سے وکالت کا امتحان پاس کیا۔ اس کے علاوہ وہ اپنے گھر پر ہی طلبہ کو انگریزی بھی پڑھاتے رہے ہیں۔ ان کے چارشعری مجموعوں پرمشتمل ’’کلیات رحمان فراز‘‘ 2016ء میں شائع ہوئی ۔

ان کی کتابوں میں ’’حرف جو گونجتی صدا ہیں‘‘ ، ’’جل کی تماشاگہوں میں‘‘، ’’مسافر دشت ظلمت کے ‘‘ اور ’’اب خزاں کی شام ہے‘‘شامل ہیں۔رحمان فراز نے 1951ء میں شاعری کاآغاز کیا۔انہوں نے اگرچہ غزلیں بھی کہیں لیکن نظم ان کی پہچان بنی۔رحمان فراز عمربھرترقی پسند تحریک کے ساتھ وابستہ رہے۔وفات کے بعد انہیں شورکوٹ کے قریب سپردخاک کردیاگیا۔