فرانس 2018ء فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا نیا عالمی چیمپئن بن گیا

فرانس نے کروشیا کو فیصلہ کن معرکے میں 4-2 گولز سے شکست دے کر دوسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا

اتوار 15 جولائی 2018 22:20

ماسکو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) فرانس 2018ء فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا نیا عالمی چیمپئن بن گیا، فرانس نے کروشیا کو فیصلہ کن معرکے میں 4-2 گولز سے شکست دے کر دوسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، فرانسیسی ٹیم نے 20 برس بعد عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا ہے، فرانس نے 1998ء میں منعقدہ ایونٹ میں برازیل کو شکست دے کر پہلی بار عالمی ٹائٹل جیتا تھا۔

(جاری ہے)

اتوار کو کھیلے گئے میگا ٹورنامنٹ کے فائنل میں فرانس نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کروشیا کو 2 کے مقابلے میں 4 گولز سے ہرا کر دوسری مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا، پہلے ہاف کے 18ویں منٹس میں کروشین کھلاڑی مینڈزوکک کے اون گول کی بدولت فرانس کو 1-0 گول کی برتری مل گئی، 28ویں منٹس میں کروشیا کے پیریسک نے شاندار گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا، 38ویں منٹس میں فرانس کے گرائزمین نے پنالٹی کک پر گول کر کے ٹیم کی برتری 2-1 گولز کر دی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی، دوسرے ہاف کے 59ویں منٹس میں فرانس کے پوگبا نے گول کر کے مقابلہ 3-1 گولز کر دیا، چھ منٹس بعد ہی فرانس کے مباپے نے گول کر کے مقابلہ 4-1 گولز کر دیا جس کے بعد کروشین ٹیم دبائو کا شکار ہو گئی، چار منٹس بعد کروشیا کے مینڈزوکک نے گول کر کے مقابلہ 4-2 گولز کر دیا، کروشیا نے حریف ٹیم کی برتری ختم کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کی تاہم فرانس کے مضبوط دفاع نے اسے کامیاب نہ ہونے دیا، اسطرح فرانس نے کروشیا کو 4-2 گولز سے ہرا کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

متعلقہ عنوان :