جی ڈی اے کا پیپلز پارٹی کے گڑھ سے انتخابی جلسوں کا آغاز

اتوار 15 جولائی 2018 22:20

نوا بشاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جولائی2018ء) صوبہ سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی )کی مخالفت اور اسے عام انتخابات میں شکست دینے کے لیے بنائے گئے سیاسی اتحاد گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس ((جی ڈی ای)نے مخالف پارٹی کے گڑھ سے ہی طاقتور انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔ اتوار کو جی ڈی اے نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے آبائی ضلع بے نظیر آباد (( سابقہ نوابشاہ )سے سیاسی جلسوں کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

جی ڈی اے پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینے کے لیے بے نظیر آباد سمیت سندھ کے متعدد اضلاع میں بڑے جلسے کرنے جا رہا ہے، جس میں اتحاد کے اعلی رہنما خطاب کریں گے،جی ڈی اے نے 15 جولائی سے سیاسی جلسوں کا آغاز نوابشاہ شہر سے کیا، جس میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔جی ڈی اے کے سیاسی جلسوں کی شروعات کے موقع پر پیپلز پارٹی یوتھ کے صدر جاوید نایاب لغاری نے ٹوئیٹ کی کہ انہوں نے انتخابی مہم کے سلسلے میں سندھ کے کئی اضلاع کا دورہ کیا ہے، جس دوران انہیں احساس ہوا کہ پی پی ہی انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔