پنجاب حکومت کی بلوچستان حکومت کو مستونگ دھماکے کے زخمیوںکے علا ج معا لجہ میں مدد کی پیشکش

دھماکے کے زخمیوں کو ہر سہولت دینے کو تیار ہے، مشکل گھڑی میں پنجاب بلوچ بھائیوں کے ساتھ ہے، چیف سیکر ٹری پنجاب کا حکو مت بلو چستان کے نام خط

اتوار 15 جولائی 2018 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جولائی2018ء) پنجاب حکومت نے بلوچستان حکومت کو مستونگ دھماکے کے زخمیوں کے سلسلے میں خط لکھ دیا، خط چیف سیکریٹری پنجاب کی جانب سے چیف سیکریٹری بلوچستان کو لکھا گیا۔تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری پنجاب اکبر درانی نے خط میں مستونگ دھماکے کے زخمیوں کو پنجاب میں علاج کی سہولتیں دینے کی پیش کش کی۔

چیف سیکریٹری پنجاب اکبر درانی نے خط میں لکھا پنجاب حکومت دھماکے کے زخمیوں کو ہر سہولت دینے کو تیار ہے۔ڈاکٹر نذیر اختر چیف سیکریٹری بلوچستان کو لکھے گئے خط میں پنجاب کی طرف سے کہا گیا ہے کہ بلوچستان پر مشکل گھڑی آئی ہوئی ہے، اس مشکل گھڑی میں پنجاب بلوچ بھائیوں کے ساتھ ہے۔واضح رہے کہ مستونگ دھماکے میں 130 افراد شہید جب کہ 146 زخمی ہوگئے تھے، شہید ہونے والوں میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما نواب زادہ سراج رئیسانی بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا اطلاعات کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے، جن کے لیے بلوچستان میں مناسب علاج دستیاب نہیں، انھیں لاہور منتقل کرنے کے بارے میں سوچا جا رہا ہے۔خیال رہے کہ چیف سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر نذیر اختر نے پاک آرمی کے تعاون سے سی ون 30 طیارے کے ذریعے سانحہ مستونگ کے 5 شدید زخمیوں کو کراچی منتقل کیا ہے، جن کا علاج آغا خان اسپتال میں ہوگا۔