سعودی وزارت حج نے قطری عازمین حج کے لیے ویب سائٹ متعارف کرا دی

پیر 16 جولائی 2018 10:40

سعودی وزارت حج نے قطری عازمین حج کے لیے ویب سائٹ متعارف کرا دی
ریاض۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے 1439 ہجری میں قطر کے عازمینِ حج کے لیے تمام مطلوبہ انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔العربیہ ٹی وی کے مطابق وزارت نے ایک ویب لنک (.haj.gov.sa qh//:https) بھی مخصوص کیا ہے جس کے ذریعے قطری شہری اپنی معلومات کا اندراج کر سکتے ہیں اور اپنی ضرورت کے مطابق خدمات کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

اس سے قبل 16 شوال 1439 ہجری کو وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ قطری عازمین حج کے لیے جلد ہی ایک ویب لنک مخصوص کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ اعلان قطری وزارت اوقاف کی جانب سے اپنے عازمین حج سے متعلق امور اور انتظامات کی تکمیل کے واسطے سعودی عرب میں متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون نہ کیے جانے کے بعد سامنے آیا تھا۔سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے باور کرایا ہے کہ ملکت سعودی عرب کی حکومت خادم حرمین شریفین کی خصوصی ہدایات پر دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج اور معتمرین کا خیر مقدم کرتی ہے اور اس سلسلے میں تمام تر خدمات اور سہولیات پیش کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی تا کہ یہ تمام مسلمان پوری آسانی اور راحت و سکون کے ساتھ اپنے مناسک ادا کر سکیں۔