نیشنل ہائی وے پر ہالہ کے قریب ٹریفک کے المناک حادثہ میں 17افراد جاں بحق اور 13زخمی ہو گئے، زخمیوں میں 4کی حالت نازک

ٹریلر نے شادی کے شرکاء کو واپس لانے والی سڑک کے کنارے کھڑی بس کو ٹکر مار دی

پیر 16 جولائی 2018 11:00

نیشنل ہائی وے پر ہالہ کے قریب ٹریفک کے المناک حادثہ میں 17افراد جاں بحق ..
حیدرآباد ۔16 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) نیشنل ہائی وے پر ہالہ کے قریب ٹریفک کے المناک حادثہ میں 17افراد جاں بحق اور 13زخمی ہو گئے، زخمیوں میں 4کی حالت نازک ہے، حادثہ قومی شاہراہ پرضلع مٹیاری میں بھٹ شاہ اور ہالا کے درمیان پیر کی صبح اس وقت پیش آیا جب ایک ٹریلر نے سڑک کے کنارے کھڑی بس کو ٹکر مار دی اور اسے گھسیٹتا ہوا دور تک لے گیا ، بس میں ایک ہی خاندان کے افراد سوار تھے جو سکرنڈ میں شادی میں شرکت کے بعد گوٹھ محمد ہاشم نیو حیدرآباد سٹی آرہے تھے کہ اس دوران ان کی بس کا ٹائر پنکچر ہو گیا ۔

ڈرائیور بس کھڑی کرکے ٹائر تبدیل کر رہا تھا کہ اس دوران ایک تیز رفتار ٹریلر نے ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں 17افراد جاں بحق 13زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ایدھی ایمبولینسوں کے زریعہ سول ہسپتال حیدرآباد لایا گیا جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

حادثہ رات اڑھائی بجے پیش آیا۔ حادثے کے وقت زیادہ تر مسافربس سے باہر نکل کے بس کے ساتھ سٹرک کے کنارے پر بیٹھ گئے اس دوران ایک تیز رفتار ٹریلر نے انہیں ٹکر مار دی جس سے کوچ الٹ گئی اور مسافر اس کے نیچے دب گئے ٹریلر بس کو دور تک گھیسٹتاہوا لے گیا جس سے زیادہ اموات ہو ئیں ٹریلر کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر جائے حادثہ سے فرار ہو گئے ایدھی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں شنیلا، جنید ، شاہ میر ، منیر ، محمد سلیم،امتیاز ،امین ، ایوب ، سہیل، راشد ، شہزاد ، فرحان ، ثمینہ اور صاحبزادی کے نام معلوم ہو ئے ہیں۔

ایدھی رضا کاروں نے 16جاں بحق افراد کو غسل دیکر میتیں ان کے ورثاء کے حوالہ کردی ہیں جبکہ زخمیوں کو سول ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے -