این اے 44، سولہ سال بعد شہریوں کو پہلی مرتبہ انتخابی سرگرمیوں کی اجازت مل گئی

حلقہ میں 41 امیدوار انتخابی معرکے میں ایک دوسرے کے مدمقابل، شہری پرامن اور آزاد ماحول میں کامیابی کا تاج حلقے کے لیے امن وترقی کے ضامن امیدوار کے سر سجا نے کیلئے پر عزم

پیر 16 جولائی 2018 13:05

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جولائی2018ء) قبائلی علاقے ضلع خیبر کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 44 میں 2002 کے بعد سے شہریوں کو پہلی مرتبہ انتخابی سرگرمیوں کی اجازت مل گئی،حلقہ این اے 44 میں 41 امیدوار انتخابی معرکے میں ایک دوسرے کے مدمقابل، شہری پرامن اور آزاد ماحول میں کامیابی کا تاج حلقے کے لیے امن وترقی کے ضامن امیدوار کے سر سجا نے کیلئے پر عزم ۔

تفصیلات کے مطابق کامیاب فوجی آپریشن کے باعث قبائلی علاقے ضلع خیبر کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 44 میں 2002 کے بعد سے شہریوں کو پہلی مرتبہ انتخابی سرگرمیوں کی اجازت مل گئی،تاہم پرامن ماحول میں 16 سال بعد پہلی بار جلسے جلوسوں کا انعقاد کیا جارہا ہے، جو کہ شہریوں کے لیے باعث مسرت ہے۔علاقے کا مشہور باڑہ بازار مختلف سیاسی پارٹیوں کے پرچموں، رنگارنگ بینرز اور تصاویر سے مزین ہے جبکہ چھوٹے بڑے جلسوں کے انعقاد کو عوامی پذیرائی حاصل ہے۔

(جاری ہے)

ایک مقامی شہری نے بتایا کہ ہمارے لیے خوشی کی بات ہے کہ اس بار پر امن ماحول میں انتخابات ہو رہے ہیں۔حلقہ این اے 44 میں 41 امیدوار انتخابی معرکے میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔تاہم شہری پرعزم ہیں کہ وہ پرامن اور آزاد ماحول میں کامیابی کا تاج ایسے امیدوار کے سر سجائیں گے جو حلقے کے لیے امن وترقی کا ضامن ہو۔واضح رہے کہ 2008 میں حلقہ این اے 44 میں دہشت گردی اور 2013 میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے باعث انتخابی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر تھیں۔