ہالہ کے قریب ٹریلر اور بس میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 18افراد ہلاک ،30زخمی

زخمیوںکو طبی امداد کے لئے ہسپتال داخل کرا دیاگیاجہاں بعض کی حالت تشویشناک ہے

پیر 16 جولائی 2018 13:41

حیدر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) صوبہ سندھ کے علاقے ہالہ کے قریب ٹریلر اور بس میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 18افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے،زخمیوںکو طبی امداد کے لئے ہسپتال داخل کرا دیاگیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک ہے ،اطلاعات کے مطابق گاشادی کی تقریب سے واپس حیدر آباد آنے والی بس کے ڈرائیور نے ٹائر پنکچر ہونے پر گاڑی کو سڑک کنارے کھڑا کررکھا تھاکہ تیز رفتار ٹریلر نے سامنے سے آکر ٹکر مار دی۔

(جاری ہے)

پولیس اور امدادی ٹیموں کے اہلکاروں کے مطابق خواتین اور بچوں سمیت 15 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ مزید 3 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گئے۔حادثے کے بعد قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی تاہم کرین کی مدد سے گاڑی کے ملبے کو ہٹایا گیا۔ریسکیو اہلکاروں کے مطابق زخمیوں میں اب بھی کچھ افراد کی حالت نازک ہے۔پولیس کے مطابق المناک حادثہ ہالہ کے قریب پیش آیا اور حادثے کا شکار ہونے الے سکرنڈ سے شادی کی تقریب میں شرکت کر کے آرہے تھے ۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد بھی شامل ہیں ۔