اسلامی نظریاتی کونسل آزادجموں وکشمیر کا الوداعی اجلاس 23 جولائی کو ہوگا

پیر 16 جولائی 2018 13:48

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جولائی2018ء) اسلامی نظریاتی کونسل آزادجموں وکشمیر کا 97واں باقاعدہ اجلاس (الوداعی اجلاس موجودہ کونسل ) مورخة 23جولائی 2018بمقام سپریم کورٹ بلڈنگ مظفرآباد بوقت 10:30بجے دن زیر صدارت چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر / چیئرمین نظریاتی کونسل جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء منعقد ہو رہاہے۔ ایکٹ کے تحت جولائی 2015میں عرصہ تین سال کے لیے موجودہ کونسل کی تشکیل عمل میں آئی تھی یہ عرصہ 22جولائی 2018کو اختتام پذیر ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کونسل کے 96ویں باقاعدہ اجلاس کی کارروائی کی توثیق کے علاوہ جون 2018میں سابق چیف جسٹس و چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل جسٹس (ر) راجہ محمد خورشید خان و رکن اسلامی نظریاتی کونسل شیخ الحدیث و التفسیر مولانا محمد اسحاق خان المدنی کے انتقال پُر ملال پر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تعزیتی ریفرنس ، سبکدوش ہونے والی موجودہ کونسل کی تین سالہ کارکردگی کے جائزہ کے علاوہ مختلف قراردادہا پر بھی غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں معزز اراکین کونسل کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام شرکت کریں گے۔