الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے دوران جعل سازی کرنے پر انتخابی عملے کے جرائم و سزا کا تعین کرلیا

پیر 16 جولائی 2018 14:34

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے دوران جعل سازی کرنے پر انتخابی عملے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے دوران فرائض سے غفلت برتنے یا جعلی سازی کرنے کی صورت میں انتخابی عملے کے جرائم اور سزا کا تعین کرلیا ۔الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق انتخابی عملے کی جانب سے کاغذات میں کوئی رد و بدل جرم ہوگا اور جان بوجھ کر بیلٹ پیپر پر سرکاری مہر کو خراب کرنے سمیت بیلٹ باکس کی سیل توڑنا بھی جرم تصور کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

ان جرائم میں ملوث انتخابی عملے کو 6 ماہ قید اور ایک لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوسکیں گی۔اسی طرح ووٹر کو مجبور کرنا، ووٹ اور انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونا بھی غیرقانونی ہوگا جس کی سزا 2 سال قید، ایک لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکیں گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹر کی رازداری افشا کرنا، بیلٹ پیپر پر لگائی مہر کے بارے میں کسی کو اطلاع دینا، ووٹوں کی گنتی کے وقت امیدوار یا ان کے حق میں ووٹ ڈالے جانے کی اطلاع دینے پر 6 ماہ قید یا ایک لاکھ جرمانہ ہوگا۔یاد رہے کہ 25 جولائی کو عام انتخابات کیلئے پولنگ ہوگی اور اس روز عام تعطیل کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔