شام، اسرائیلی بمباری، سرکار کے ہمنوا 9افراد جاں بحق

رواں ماہ اسرائیل نے تیسری مرتبہ فوجی تھکانوں کو بمباری کا نشانہ بنایا ہے

پیر 16 جولائی 2018 15:52

شام، اسرائیلی بمباری، سرکار کے ہمنوا 9افراد جاں بحق
بیروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جولائی2018ء) شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد نے کہا ہے کہ حلب پر اسرائیلی بمباری سے سرکار کے ہمنوا 9افراد جاں بحق ہو گئے، رواں ماہ اسرائیل نے تیسری مرتبہ فوجی تھکانوں کو بمباری کا نشانہ بنایا ہے۔ غیر ملکی ذرائع کے مطابق شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد نے گذشتہ روز بتایا ہے کہ شمالی صوبے حلب میں ایک عسکری ٹھکانے پر بم باری کے نتیجے میں بشار حکومت کے ہمنوا 9 مسلح افراد ہلاک ہو گئے۔

شامی حکومت نیس کارروائی کا الزام اسرائیل پر عائد کیا ہے۔المرصد کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمن نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ مارے جانے والوں میں چھ شامی شامل ہیں تاہم دیگر شہریوں کا تعین نہیں کیا جا سکا۔

(جاری ہے)

رامی کے مطابق بم باری میں حلب کے مشرقی دیہی علاقے میں النیرب کے فوجی ہوائی اڈے کے نزدیک ایرانی پاسداران انقلاب کے جنگجوں کو نشانہ بنایا گیا۔

یہ مرکز لڑائی کے محاذوں پر خوراک اور دیگرلوجسٹک سپورٹ فراہم کرتا ہے اور یہاں ہتھیاروں کا گودام نہیں پایا جاتا۔اس سے قبل شامی حکومت کے میڈیا نے ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے بتایا تھا کہ اتوار کی شب اسرائیلی میزائلوں نے "ہمارے ایک عسکری ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں صرف مادی نقصان پہنچا"۔جولائی کے مہینے میں یہ تیسرا موقع ہے جب اسرائیل نے شام میں عسکری ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

اس سے قبل شامی حکومت رواں ماہ کی آٹھ اور بارہ تاریخ کو اپنے اعلانات میں اسرائیل کو التیفور کے عسکری ہوائی اڈے پر بم باری کا ذمے دار ٹھہرا چکی ہے۔ اسرائیل نے اس وقت جنوبی شام میں تین ٹھکانوں پر حملوں کا اعلان کیا تھا۔ شامی حکومت کا کہنا تھا کہ اس کے دفاعی نظام نے اسرائیلی میزائلوں کا راستہ روک لیا۔شام میں 2011 سے تنازع کے آغاز کے بعد سے اسرائیل کئی مرتبہ شام میں بشار کی فوج یا لبنانی حزب اللہ کے عسکری اہداف کو بم باری کا نشانہ بنا چکا ہے۔ کچھ عرصہ قبل اسرائیلی حملوں میں ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔