شارجہ:گاڑیاں اوور لوڈ کرنے والے بھاری جُرمانے کے لیے تیار رہیں

متحدہ عرب امارات کی سرحدوں پر بھاری سامان سے لیس گاڑیوں کی شامت آ گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 16 جولائی 2018 16:01

شارجہ:گاڑیاں اوور لوڈ کرنے والے بھاری جُرمانے کے لیے تیار رہیں
شارجہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جُولائی 2018) شارجہ پولیس نے متحدہ عرب امارات کے سرحدی راستوں سے واپس امارات آنے والے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کو اوورلوڈ نہ کریں۔ شارجہ پولیس کے ٹریفک اور پٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ایک ڈائریکٹر لیفٹیننٹ سعود الشیبا کا کہنا ہے کہ اوور لوڈنگ کا شمار سنگین نوعیت کی ٹریفک خلاف ورزیوں میں ہوتا ہے۔

جس کے مرتکب افراد کو نئے ٹریفک قانون کے تحت دو ہزار امارتی درہم تک کا جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے اس کے علاوہ اُن کے لائسنس میں چھ بلیک پوائنٹس بھی درج کیے جائیں گے۔ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے حال ہی میں ایک آگاہی اور نگرانی مہم شروع کی گئی ہے جس کا مقصد تمام مسافروں کی جانب سے ٹریفک ضابطوں کی پابندی کو یقینی بنانا ہے کیونکہ اسی میں اُن کی اور دُوسرے مسافروں کا تحفظ اور بھلائی پوشیدہ ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے چیک پوائنٹس پر اوور لوڈ سامان والی گاڑیوں اور غیر محفوظ ٹائروں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ حفاظتی اقدامات پر مبنی تحریری مواد بھی ڈرائیور حضرات میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ چند سالوں کے دوران ضرورت سے زائد سامان لادنا ‘ ناقص ٹائرز کا استعمال اور تیز رفتاری بڑے بڑے حادثات کا سبب قرار پائے ہیں۔ امارات میں مقیم بہت سے افراد ہمسایہ خلیجی ممالک کا سفر اپنی گاڑیوں پر کرتے ہیں‘ مگر اس دوران وہ سامان سے متعلق ٹریفک ضابطوں کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔

روڈ مسافروں کو ہمسایہ ممالک کے ٹریفک اداروں کی جانب سے مقررہ کردہ قوانین و ضوابط کی پابندی کرنی چاہیے تاکہ وہ خود کو حادثات اور جرمانوں سے محفوظ رکھ سکیں۔ کسی دُوسرے مُلک میں داخلے سے قبل وہاں کے ٹریفک قوانین کے بارے میں لازمی طور پر آگاہی حاصل کرنی چاہیے۔ کچھ ہمسایہ ممالک میں گاڑیوں میں ایک خاص حد سے زیادہ سامان بھرنا ممنوع ہے۔

جبکہ حدِ رفتار کی خلاف ورزی پر ڈرائیورز کو گرفتار بھی کر لیا جاتا ہے۔ قید کا دورانیہ اس بات پر منحصر ہوتا ہے کہ ڈرائیور مقررہ حدِ رفتار سے کتنی زیادہ رفتارگاڑی چلانے کا قصور وار ہے۔ اس کے علاوہ گاڑی بھی ضبط کر لی جاتی ہے۔ مثلاً اومان میں 75 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تجاوز کرنے والے ڈرائیورز کو 48 گھنٹوں کے لیے قید میں رکھنے کے علاوہ اُن کی گاڑی بھی ضبط کی جاتی ہے۔ بچوں کو سیٹوں پر محفوظ طریقے سے بٹھانا چاہیے ‘ سیٹ بیلٹ باندھنا لازمی ہے۔ لمبے سفر کی ڈرائیونگ کے دوران ڈرائیور حضرات جب بھی تھکان محسوس کریں تو گاڑی روک کر اپنی تھکاوٹ اُتار لیں تاکہ غنودگی یا دھیان کی کمی کے باعث کوئی حادثہ رُونما ہونے کا امکان نہ رہے۔