ایون فیلڈ ریفرنس فیصلےکیخلاف اپیلوں کی سماعت کل ہوگی

اسلام آباد ہائیکورٹ کا 2 رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا، سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نوازاورکیپٹن رصفدرکیخلاف فیصلے پراپیل کی سماعت کی جائے گی۔میڈیا رپورٹس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 16 جولائی 2018 16:06

ایون فیلڈ ریفرنس فیصلےکیخلاف اپیلوں کی سماعت کل ہوگی
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 جولائی 2018ء) : احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کیخلاف اپیلوں کی سماعت کل ہوگی،اسلام آباد ہائیکورٹ کا 2رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا،سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نوازاور کیپٹن رصفدر کیخلاف فیصلے پرسماعت کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن نے احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کواسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے اپیل دائر کردی ہے۔

اسلام ہائیکورٹ میں نوازشریف ، مریم نوازاور کیپٹن ر صفدر کیخلاف فیصلے پراپیل دائر کی گئی ہے۔جس کے تحت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کیخلاف اپیلوں پرکل سماعت ہوگی۔سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نوازاور ان کے داماد کیپٹن ر صفدر کیخلاف فیصلے پرسماعت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائیکورٹ کا دو رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔

بنچ میں جسٹس محسن اخترکیانی اور جسٹس گل حسن اورنگزیب شامل ہیں۔ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو10سال، مریم نواز کو8سال اور کیپٹن ر صفدر کوایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ اس سے قبل مسلم لیگ ن نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چینلج کیا۔ درخواست میں احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

اسی طرح درخواست میں مزید مئوقف اختیار کیا گیا ہے کہ نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کی قید بامشقت، جرمانہ اور جائیداد کی قرقی کے حکم کو کالعدم قراردیا جائے۔ اپیل میں جج محمد بشیراور نیب حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔ ن لیگی رہنماء بیرسٹر ظفراللہ نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے۔ہم نےعدالت سے استدعا کی ہے کہ اپیل کی سماعت جلد از جلد کی جائے۔

مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت کا فیصلہ قانون سے متصادم ہے۔ ہمارا کیس بہت مضبوط اورمیرٹ پر ہے۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیر اعظم نواز شریف نے العزیزیہ اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز کی دوسری عدالت میں منتقلی کی درخواست مسترد کرنے کا احتساب عدالت کا فیصلہ چیلنج کردیا۔خواجہ حارث کے توسط سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ اور گلف اسٹیل ملز سے متعلق عدالت اپنا فیصلہ سنا چکی ہے جب کہ دیگر دو ریفرنسز میں بھی یہ چیزیں مشترکہ ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ احتساب عدالت کے جج ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کا فیصلہ سنا چکے ہیں اس لیے قانون کا تقاضا ہے کہ دیگر ریفرنسز کسی اور عدالت کو منتقل کیے جائیں۔واضح رہے کہ میاں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر اڈیالہ جیل میں قید ہیں جب کہ تینوں کی جانب سے احتساب عدالت کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جا چکا ہے۔

یاد رہے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی جانب سے احتساب عدالت میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں اس عدالت کے جج محمد بشیر کی جانب سے فلیگ شپ اور العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس کی سماعت پر اعتراض اٹھایا گیا تھا۔نوازشریف نے درخواست میں دونوں ریفرنسز کی سماعت دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی استدعا کی تھی جسے مسترد کردیا گیاتھا۔