آزاد کشمیر اور پاکستان سے آئے ہوئے طلباء کو جدید اعلیٰ تعلیمی سہولیات مہیا کرنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریںگے

صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان کا آزاد کشمیر کی سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کانفرنس سے خطاب

پیر 16 جولائی 2018 16:45

مظفرآباد/اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کی سرکاری جامعات میں آزاد کشمیر اور پاکستان سے آئے ہوئے طلباء کو جدید اعلیٰ تعلیمی سہولیات مہیا کرنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریںگے اور تحقیق و جدت کو فروغ دینے کیلئے انتھک محنت و کاوشیں کریںگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر کی سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ کانفرنس پیر کو ایوان صدر مظفرآباد میں منعقد ہوئی جس میں وائس چانسلر جامعہ آزاد جموں وکشمیر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ پروفیسر ڈاکٹر محمد رسول جان، وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی باغ پروفیسر ڈاکٹر محمد حلیم خان، وائس چانسلر میر پور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمان اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر دلنواز احمد گردیزی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں جامعات سے متعلق مختلف امور زیر بحث آئے جن میں جامعات کے اندر مختلف نئے شعبہ جات کا اجراء سب کیمپسز کا قیام، جاب فیئرز، مختلف سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد ، جامعات کے آئین ،بین الاجامعات مقابلہ جات اور دیگر مالی ، انتظامی و تدریسی امور کے متعلق سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر جامعات کے وائس چانسلرز نے صدر کو (جو کہ آزادکشمیر کی سرکاری جامعات کے چانسلر بھی ہیں) اپنی اپنی جامعہ میں یونیورسٹی آئین کی تشکیل کے بارے میں پیشرفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ آہائین بہت جلد حتمی منظوری کیلئے پیش کئے جائیں گے۔

صدر آزاد جموں و کشمیر نے اپنی گذشتہ میٹنگ کے دوران جامعات میں جاب فیئرز اور مختلف موضوعات جیسے کہ مسئلہ کشمیر، پاک۔چین اقتصادی راہداری پر سیمینار کے انعقاد کی تاکید کی تھی جس پر صدر گرامی کو بتایا گیا کہ جامعہ کوٹلی، جامعہ پونچھ اور جامعہ آزاد جموں وکشمیر مظفرآباد ستمبر 2018ء کے شروع میں جاب فیئرز کا انعقاد کرے گی جبکہ جامعہ وویمن باغ اگست کے وسط میں جاب فیئر منعقد کرے گی۔

صدر نے کہا کہ اس ضمن میں تمام انتظامات کو تیز کیا جائے تاکہ یہ جاب فیئرز بروقت پر انعقاد پذیر ہو سکیں۔ اپنے آبائو اجداد کی قربانیوںکو یاد رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صدر نے کہا کہ ہمیں آزاد کشمیر کی نامور شخصیات جنہوں نے خطہ آزادکشمیر کی آزادی اور اس کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ان کی زندگیوں سے متعلق نوجوان نسل کو روشناس کرانے کے لئے سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقا دکرنا چاہیے اس سلسلے میں اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ آزادکشمیر کی جامعات میں بانی صدر آزادکشمیر سردار محمد ابراہیم خان ، سردار عبد القیوم خان ، چوہدری غلام عباسی ، علی احمد شاہ ، فتح محمد خان کریلوی ، میر واعظ یوسف شاہ، کے ایچ خورشید ،بابائے پونچھ کرنل خان محمد خان اور فاتح میر پور خان آف منگ کی سیاسی ، عسکری و ملی خدمات کو اجاگر کرنے کے لئے جامعات کے اندر کانفرنسز منعقد کی جائیں گی۔

صدر نے کہا کہ ان شخصیات پر عالمانہ مکالمے تیار کئے جائیں انہیں کانفرنسز میں پیش کیا جائے۔ صدر آزاد کشمیر کو جامعہ پونچھ کے سب کیمپس منگ اور عباسپور کے بارے میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ اسی طرح جامعہ کشمیر کے ہٹیاں بالا اور نیلم سب کیمپس میں ہونے والی پروگریس سے بھی روشناس کیا گیا ۔ میر پور یونیورسٹی کے سب کیمپس پلندری کے حوالے سے بھی بریف کیا گیا۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ان سب کیمپسز کے قیام سے طلبا ء و طالبات کو اپنے گھروں کے قریب اعلیٰ تعلیم کے حصول کے مواقع میسر ہوں گے۔ صدر مسعود خان نے جامعہ پونچھ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رسول جان کو کہا کہ وہ اپنی جامعہ میں ہارٹیکلچر اور فلوریکلچر کی پیداوار کو یقینی بنائیں۔ اس سے جامعہ کے ریونیو میں بھی اضافہ ہوگا ۔ وائس چانسلر جامعہ پونچھ نے صدر کو بتایا کہ جامعہ کے اندر پھلوں کا ایک وسیع باغ بھی لگایا جا رہا ہے جو کہ آئندہ سال تک تیار ہو جائے گا۔ انہوں نے صدر کو مزید بتایا کہ جامعہ پونچھ کے طلباء اور تحقیق کار مشروم کی پیدوار اگانے پر بھی تحقیق کر رہے ہیں۔