راولپنڈی میں سٹریٹ کرائمز عروج پر پہنچ گئے

موٹر سائیکل سوار ڈاکو اسلحہ کی نوک پر سرکاری ملازم سے نقدی و موبائل فون چھین کر فرار

پیر 16 جولائی 2018 16:45

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) راولپنڈی میں سٹریٹ کرائمز عروج پر پہنچ گئے،تھانہ نیوٹائون کی حدود میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو اسلحہ کی نوک پر ریڈ یو پاکستان سے وابستہ میڈیا کارکن سے نقدی و موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے ۔قومی ریڈیو سے وابستہ میڈیا کارکن توفیق اعوان سکنہ مجسٹریٹ کالونی صادق آباد نے اے پی پی کو بتایاکہ وہ پیر کی علی الصبح 4:30 بجے کے قریب مری روڈ پر شمس آباد کے قریب دو مسلح موٹرسائیکل سواروں کے ہاتھوں لٹ گیا ۔

توفیق اعوان نے بتایا کہ پیر کی علی الصبح 4:30 بجے جب میں اپنی موٹرسائیکل پر سوار دفتر جاتے ہوئے جب شمس آباد کے قریب پہنچا تو ہنڈا125 موٹرسائیکل پر سوار دو افراد عقب سے میرے سامنے آ گئے اور مجھے گن پوائنٹ پر رکنے کا اشارہ کیا اور میری جیب میں موجود نقدی اور موبائل فون نکال لیا اورایک نجی بینک کے اے ٹی ایم کے سامنے کھڑی پجارو گاڑی کی طرف بڑھ گئے تاھم ڈرائیور نے کمال ہوشیاری سے گاڑی بھگا دی ۔

(جاری ہے)

شہریوں نے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ سٹریٹ کرائمز کے سدباب کے فوری اقدامات کیے جائیں وگرنہ شہری اسی طرح لٹتے رہیں گے ۔قومی خبر ایجنسی کو دستیاب اعدادو شمار کے مطابق گذشتہ کچھ عرصہ میں راولپنڈی میں جرائم کی وارداتوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے اورشہری مختلف واقعات میں اپنی قیمتی اشیاء سے محروم ہو رہے ہیں تاھم راولپنڈی پولیس کی جانب سے سٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے موثر اقدامات نہیں کیے جا سکے ۔