دہشت گردی کے واقعات کی بھرپور مزمت کرتے ہیں،ایف پی سی سی آئی

بے رحمانہ کاروائیوں سے عوام، کاروباری برادری اور امیدوار خوفزدہ ہو گئے ہیں،دشمن کو میدان جنگ میں شکست کے علاوہ نظریات کا توڑ کرنے کی ضرورت ہے،قوم کو جنرل قمر جاوید باجوہ کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے صدر فیڈریشن آف پا کستا ن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹر ی غضنفر بلور

پیر 16 جولائی 2018 17:16

دہشت گردی کے واقعات کی بھرپور مزمت کرتے ہیں،ایف پی سی سی آئی
آئی این پی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جولائی2018ء) ایف پی سی سی آئی) کے صدرغضنفر بلورنے کہا ہے کہ الیکشن مہم کے دوران ملک بھر میں بم دھماکوں اور معصوم انسانوں کی شہادت کی بھرپور مزمت کرتے ہیں۔ دہشت گردانسانیت کے دشمن ہیں جنکی بے رحمانہ کاروائیوں سے عوام، کاروباری برادری اور امیدوار خوفزدہ ہو گئے ہیں۔ انکے زہریلے نظر یات کو مزید پنپنے کا موقع نہ دیا جائے۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے واقعات سے پتہ چلتا ہے کہ انکا مکمل قلع قمع نہیں ہوا اور وہ اب بھی سیکورٹی فورسز کیلئے ایک چیلنج ہیں۔ پولنگ کا دن عوام کے رش کی وجہ سے دہشت گردوں کے لئے پر کشش ہے اس لئے اس دن کیلئے خصوصی حفاظتی اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک نادیدہ دشمن کا سامنا ہے جس کے غیر متوقع اقدامات اسکی سب سے بڑی طاقت ہیں۔

دشمن کو میدان جنگ میں شکست دینے کے علاوہ انکے نظریات کا توڑ کرنے کی ضرورت ہے جس میں لکھاری اور علماء کرام اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔دہشت گردوں کو ہیرو بنا کر پیش کرنے والوں اور انکی مالی معاونت کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے جبکہ مذہنی رواداری کو فروغ دیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات سے ملک میں امن کی بحالی میںفوج کی خدمات کو دھندلایا یا بھلایا نہیں جا سکتا اور عوام وکاروباری برادری کو چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے جو جلد ہی مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچا دینگے۔ فوج پہلے کی طرح ملکی دفاع کو یقینی بناتی رہے گی اور قربانیاں دیتی رہے گی۔