Live Updates

اللہ تعالیٰ تجربوں سے سیکھتا ہے، سائرہ افضل تارڑ نے اپنے بیان کی وضاحت کر دی

جلال پور بھٹیاں میں کارنر میٹنگ میں خطاب کے دوران سائرہ افضل تارڑ کے بیان پر شدید رد عمل آیا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 16 جولائی 2018 17:38

اللہ تعالیٰ تجربوں سے سیکھتا ہے، سائرہ افضل تارڑ نے اپنے بیان کی وضاحت ..
جلال پور بھٹیاں(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16 جولائی 2018ء) : ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے جمعہ کے روز بیان دیا کہ نواز شریف کا استقبال حج سے بھی بڑا کام ہے جس پر انہیں خوب تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ سوشل میڈیا صارفین ابھی رانا ثنا اللہ کے بیان کو بھولے نہیں تھے کہ ن لیگی رہنما سائرہ افضل تارڑ نے بھی ایک متنازعہ بیان دے دیا۔ جلال پور بھٹیاں میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ " یقین جانیں اللہ تعالیٰ تجربوں سے سیکھتا ہے اور ہم بھی تجربوں سے سیکھتے ہیں "۔

 اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:

 سائرہ افضل تارڑ کے اس بیان پر انہیں خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا اور مذہبی رہنماؤں کی جانب سے شدید رد عمل آنے پر سائرہ افضل نے سوشل میڈیا پر ایک وضاحتی پیغام بھی جاری کر دیا۔

اس ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر میری جس جُملے کو اور بات کو ہوا دی جا رہی ہے اس سے میرا ہرگز وہ مقصد نہیں تھا۔کئی دفعہ انسان کےمنہ سے کوئی ایسا لفظ نکل جاتا ہے جو کہ اس کا مطلب نہیں ہوتا اور میں اس جُملے کو دوہرانا نہیں چاہتی ، نعوذ بااللہ اس میں میرا کوئی غلط مقصد ہرگز نہیں تھا، میں نے صرف ''سکھانے'' کی بجائے ''سیکھنے'' کہہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ جو میں کہنا چاہ رہی تھی وہ یہ تھا کہ اللہ تعالیٰ تجربوں سے سکھاتا ہے اور انسان تجربوں سے ہی سیکھتا ہے۔ کوئی بھی شخص جس میں ذرا سی بھی عقل اور ایمان ہے اس کو علم ہے کہ میں کیا کہنا چاہ رہی تھی۔ مجھے افسوس ہے کہ میرے اس جُملے کو سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے اور پی ٹی آئی اور میرے مخالفین اس کو اُچھال رہے ہیں ۔ جب میرے خلاف کوئی اور چیز نہیں ملی تو اس چیز کو ہوا دی جا رہی ہے ۔

سائرہ افضل نے کہا کہ میں قرآن پاک کی طالبعلم ہوں اور اللہ رب العزت کی جو ذات ہے اور جو قدرت اور واحدانیت ہے وہ مجھ سے بہتر کوئی نہیں جان سکتا۔ میں اپنے مخالفین اور ان لوگوں کو جو اس طرح کی چیزوں پر کمنٹ کرتے ہیں ، اتنا ہی کہوں گی کہ یہ ایک بڑا حساس معاملہ ہے اور یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ جو غلط بات میرے منہ سے نکلی میں اس کے لیے معذرت خواہ ہوں اور میں سب کہوں گی کہ خدا کے لیے اس بات کو مت اُچھالیں۔ سائرہ افضل کا سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات