ْ وفاقی رہائشی کالونیوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپیل دائر کریں گے ،فاروق ستا ر

کراچی کی وفاقی رہائشی کالونیوں کا مسئلہ 46سال پرانا ہے ۔مختلف حکومتوں نے اس مسئلے کو حل نہیں کیا،رہنما ایم کیو ایم

پیر 16 جولائی 2018 18:22

ْ وفاقی رہائشی کالونیوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپیل دائر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی کی وفاقی رہائشی کالونیوں کے حوالے سے سپریم کورٹ نے جو فیصلہ دیا ہے اس معاملے پر جلد نظر ثانی کی درخواست دائر کریں گے ۔ہمیں توقع ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کراچی کی ان آبادیوں کے مکینوں کو انصاف فراہم کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیر کو مارٹن کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہا کہ کراچی کی وفاقی رہائشی کالونیوں کا مسئلہ 46سال پرانا ہے ۔مختلف حکومتوں نے اس مسئلے کو حل نہیں کیا ۔46سال سے یہ مکین مطالبہ کرتے آرہے ہیں کہ ہمیں مالکانہ حقوق دیئے جائیں ۔1972میں ذوالفقار علی بھٹو نے بھی وعدہ کیا تھا کہ ان آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دیئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے ان آبادیوں کے مکینوں سے مکانات اور فلیٹس خالی کرانے کے حوالے سے فیصلہ دیا ہے ۔ان آبادیوں کے مکین برسوں سے یہاں آبا دہیں اور ان میں ریٹائرڈ ملازمین اور وفات پاجانے والے ملازمین کے اہل خانہ موجود ہیں ۔انہوںنے کہا کہ مختلف ادوار میں حکومتوں نے وعدہ کیا تھا کہ اس مسئلے کو حل کیا جائے گا ۔سپریم کورٹ نے بھی ایک فیصلے میں کہا تھا کہ کوئی دوسری جگہ دیئے بغیر ان کو خالی نہیں کرایاجاسکتا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ جب ہم نظر ثانی کی اپیل دائر کریں گے تو چیف جسٹس کو تمام معاملات سے آگاہ کریں گے اور امید ہے کہ چیف جسٹس انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اس اپیل کو سنیں گے اور ان کے ساتھ انصاف کریں گے ۔انہوںنے کہا کہ ایم کیو ایم ان مکینوں کے ساتھ ہے ۔ڈاکٹر فاروق ستار کی پریس کانفرنس کے دوران ایک خاتون نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ مارٹن کوارٹرز اور دیگر وفاقی کالونیوں کے مسئلے پر ایم کیو ایم سیاست کرکے ووٹ حاصل کرنا چاہتی ہے ۔

علاقہ مکین ایم کیو ایم کے جھانسے میں نہیں آئیں گے ۔فاروق ستار نے اس خاتون کو پی ایس پی کی علاقائی ذمہ دارقرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس خاتون کا شازیہ عمران ہے اور یہ میری پریس کانفرنس خراب کرنے کی سازش ہے ۔ایم کیو ایم پہلے بھی وفاقی رہائشی کالونیوں کے رہائشیوں کے ساتھ تھی اور آئندہ بھی ان کے ساتھ رہے گی ۔انہوںنے کہا کہ ہم کسی کا پروگرام خراب نہیں کرتے لیکن مخالف جماعتیں ہمارے پروگرامز خراب کرنے کے لیے اپنی خواتین کارکنوں کو بھیج رہی ہیں ۔یہ عوامی مسئلہ ہے ۔ہم اس پر سیاست نہیں کررہے ہیں ۔