اقتدار میں آکر قبائلی اضلاع کی تمام خواتین کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کرینگے، ملک اسرائیل خان صافی

پیر 16 جولائی 2018 18:40

ضلع مہمند (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جولائی2018ء) قبائلی ضلع مہمند کے حلقہ این اے 42 سے پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار قومی اسمبلی ملک اسرائیل خان صافی نے کہا کہ اقتدار میں آکر قبائلی اضلاع کی تمام خواتین کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کرینگے،ضلع مہمند میں پی پی پی کو یتیم پارٹی کہنے والوں کو جھوٹا ثابت کردیا، کامیاب جلسے کے انعقاد سے کامیابی کی طرف سفر شروع ہوگیا ہے۔

وہ پی پی پی قبائلی اضلاع کے جنرل سیکرٹری جنگریز خان مہمند، جلبل مہمند، ملک رائیس خان ، فضل ہادی ، ارشد بختیار، امتیاز خان اور دیگر کے ہمراہ تحصیل صافی جھنڈا مسعود میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس جلسے کے کامیاب انعقاد اور بھر پور عوامی شرکت سے ثابت ہوگیا کہ پی پی پی ضلع مہمند میں تیزی سے سیاسی قوت بنتی جا رہی ہے کیونکہ نامزد امیدوار ملک اسرائیل صافی اور پی پی پی کی تنظیم نے ہر مشکل حالت میں عوام کا ساتھ نہیں چھوڑا ہے۔

(جاری ہے)

قبائلی علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ذولفقار علی بھٹو کے بطور وزیر اعظم پاکستان تحصیل صافی دورہ کے دوران ہوا۔اس کے بعد شہید بی بی کے دور حکومت میں قبائلی عوام کو بالغ رائے دہی اور زرداری دور میں سیاسی آزادی کا حق ملا۔انہوں نے کہا کہ مہمند سے پی پی پی امیدوار کی کامیابی اور مرکز میں حکومت ملنے کے بعد تمام قبائلی خواتین کو بی آئی ایس پی میں شامل کی جائیگی جبکہ غریب ، نادار اور ضعیف العمر مرد حضرات کے لئے خصوصی وظائف شروع کی جائیگی۔ اور مہمند عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھ کر علاقے کو تیز ترین ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائیگا۔ اس موقعہ پر درجنوں خاندانوں نے پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔