بلاول بھٹو زرداری کی ساراوان ہائوس آمد، میر سراج رئیسانی کی شہادت پر اظہا ر افسوس

میر سراج رئیسانی کی دہشتگردی کے نتیجے میں شہادت افسوسناک ہے ،امید ہے انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی

پیر 16 جولائی 2018 18:53

بلاول بھٹو زرداری کی ساراوان ہائوس آمد، میر سراج رئیسانی کی شہادت ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹو نے کہاہے کہ نوابزادہ میر سراج رئیسانی کی دہشتگردی کے نتیجے میں شہادت افسوسناک ہے ،امید ہے انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے۔پیر کو ساراوان ہائوس میں چیف آف ساراوان سابق وزیراعلی نواب اسلم رئیسانی اورنوابزادہ میر جمال رئیسانی سے نوابزادہ میر سراج رئیسانی کی شہادت پر اظہار تعزیت کے بعد صحافیوں سے مختصر بات چیت کرتے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میر سراج رئیسانی کی شہادت بلوچستان کا نہیں ،پاکستان کیلئے ایک بہت بڑا سانحہ ہے ،اس وقت پورا بلوچستان غم میں ڈوبا ہواہے ۔

انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کو چاہیے کہ وہ عام انتخابات کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرے تاکہ کسی سیاسی جماعت کو گلہ وشکوہ نہ ہو ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جب افغانستان ،عراق میں انتخابات ہوسکتے ہیں تو 25جولائی کو پاکستان میں بھی ہوسکتے ہیں ،الیکشن ملتوی ہونے کا کوئی امکان نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ موجودہ حکومت انتخابات مقررہ وقت پر کرائیگی ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت مشکل حالات ضرورہے ،مگر نگراں حکومت کے نزدیک سب سے اہم مسئلہ عام انتخابات ہیں۔اس موقع پر پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک ،جنرل سیکرٹری اقبال شاہ ،نوابزادہ رئیس رئیسانی ،پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر بھی موجود تھے۔