حج اپریشن:تین دنوں کے دوران مجموعی طور پر 36ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچ گئے

پاکستان سے جانے والی ابتدائی فلائیٹس مدینہ منورہ کیلئے ہیں وہاں پر 8روز قیام کے بعد عازمین کو مکہ مکرمہ پہنچایا جائے گا،عازمین کیلئے مدینہ اور مکہ مکرمہ میں تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے

پیر 16 جولائی 2018 20:00

حج اپریشن:تین دنوں کے دوران مجموعی طور پر 36ہزار سے زائد عازمین سعودی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2018ء) حج اپریشن کے دوران گذشتہ تین دنوں کے دوران مجموعی طور پر 36ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچ گئے ہیں ،پاکستان سے جانے والی ابتدائی فلائیٹس مدینہ منورہ کیلئے ہیں وہاں پر 8روز قیام کے بعد عازمین کو مکہ مکرمہ پہنچایا جائے گا،عازمین کیلئے مدینہ اور مکہ مکرمہ میں تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج اپریشن کے سلسلے میں پاکستانی عازمین کی مدینہ منورہ میں آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔اللہ کے مہمانوں کو حرم نبوی ﷺ کے نزدیک 3، 4اور 5 سٹار ہوٹلوں میں رہائش دی جا رہی ہے ۔ عازمینِ حج کی سہولت کیلئے جدہ اور مکہ مکرمہ کی طرح مدینہ منورہ میں بھی دفتر امور حجاج ، پاکستان کے زیر انتظام مختلف شعبے دن رات مصروفِ عمل ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق 14 جولائی کو شروع ہونے والے حج فلائٹ آپریشن کے پہلے دو دنوں میں 36 سو 50 عازمینِ کرام مدینہ منورہ پہنچ گئے ہیں۔ تیسرے دن مزید 2 ہزار عازمینِ حج کی آمد کے انتظامات مکمل کئے جا چکے ہیں۔ وزارتِ مذہبی امو ر و بین المذاہب ہم آہنگی نے سرکاری سکیم کے عازمینِ حج کیلئے مدینہ منورہ میں حرم کے نزدیک ترین اعلیٰ رہائش گاہوں کا انتظام کیا ہے جن میں3، 4 اور 5 سٹار ہوٹل بھی شامل ہیں ۔

عازمینِ حج کو 13 کیٹرنگ کمپنیوں کے ذریعے ان کی رہائش گاہوں پر ہی تین وقت تازہ کھانا مہیا کیا جا رہا ہے ۔ عازمینِ حج نے بہترین رہائش گاہوں اور کھانے کے اعلیٰ معیار پر وزارت کے انتظامات کو سراہتے ہوئے بتایا کہ حرم نبوی ﷺ کے نزدیک ترین رہائش گاہوں کی وجہ سے انہیں یکسوئی کے ساتھ روضہء رسول ﷺ پر حاضری اور نمازوں کی ادائیگی میں نہایت سہولت ہے ۔

عازمینِ حج مدینہ منورہ میں جنت البقی، مسجد قبا، مسجد قبلتین ، مسجد جمعہ اور شہدائے احد کی زیارات بھی کر رہے ہیں ۔ دوسری طرف پاکستان ہاوس ، مدینہ منورہ میں پہلے سے موجود عملہ کی معاونت کیلئے معاونین الحجاج، طبی اور سیزنل عملہ پر مشتمل 61 افسران اور سٹاف تعینات کیا جا چکا ہے جبکہ مقامی راستوں اور زبان سے وقفیت رکھنے والے ڈیڑھ سو سے زائد مقامی پاکستانی معاونین بھی مختلف شعبوں میں اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ سرکاری حج سکیم کے تحت عازمینِ حج مدینہ منورہ میں آٹھ دن رہنے کے بعد اپنے پہلے عمرے ، حج اور باقی قیام کیلئے مکہ مکرمہ روانہ کر دئیے جائیں گے ۔